خیبر پی کے میں اگلے ماہ بلدیاتی الیکشن کرانا ممکن نہیں، 8 ماہ درکار ہیں: الیکشن کمشن حکام
اسلام آباد (انعام اللہ خٹک/ دی نیشن رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا یہ دعویٰ کہ خیبر پی کے میں آئندہ ماہ بلدیاتی انتخابات کرا دیئے جائیں گے اور کھوکھلا وعدہ لگتا ہے کیونکہ الیکشن کمشن کے حکام کا خیال ہے کہ اس مقصد کے لئے کم از کم 8 ماہ درکار ہونگے۔ قواعد کے مطابق صوبوں اور وفاقی حکومت کی جانب سے الیکشن کمشن کو بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں سے متعلق تحریری آگاہ کرنا ہوتا ہے مگر خیبر پی کے حکومت نے ابھی مطلع نہیں کیا کیونکہ صوبے میں حلقہ بندیاں ابھی مکمل نہیں کی گئیں۔ انتخابی فہرستیں اور دیگر ضروریات بھی پوری نہیں کیں۔ صوبے نے ابھی حلقہ بندیوںکے لئے قانون سازی بھی نہیں کی۔ اس کے لئے اس سال 19 مارچ تک کی مہلت لی گئی تھی۔ الیکشن کمشن کا انحصار آرٹیکل 224 میں ترمیم کے حوالے سے سیاسی جماعتوں پر ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق خیبر پی کے نے ابھی دیگر صوبوں کی طرح قانون سازی کا عمل مکمل نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ خیبرپی کے نومبر میں بلدیاتی الیکشن کرانا ممکن نہیں۔ الیکشن کمیشن حکام کا یہ بیان عمران خان کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے کہ جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ خیبرپی کے میں نومبر میں بلدیاتی الیکشن کرادیں گے۔ الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا تھا کہ صوبے میں حلقہ بندیوں کیلئے چھ ماہ کا عرصہ درکار ہے۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ بائیو میٹرک سسٹم کیلئے بھی دو سے تین ماہ کا وقت درکار ہے۔