• news

وزیراعظم نااہلی کیس: سپریم کورٹ نے7 رکنی لارجر بنچ بنانے کی درخواستیں مسترد کر دیں

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے وزیراعظم نااہلی کیس کیلئے لارجر بنچ بنانے، جسٹس جواد ایس خواجہ کو بنچ سے الگ کرنے کی درخواستیں مستردکردیں۔ چودھری شجاعت حسین، اسحاق خان خاکوانی اور گوہر نواز سندھو کی جانب سے سپریم کورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کی گئیں تھیں جن میں استدعا کی گئی تھی کہ وزیراعظم نااہلی کیس کی سماعت کیلئے سات رکنی لارجر بنچ تشکیل دیا جائے۔ درخواست گزاروں نے موقف اپنایا تھا کہ معاملہ قومی اہمیت کا ہے جس میں اہم آئینی اور قانونی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ ان درخواستوں کو تین رکنی بنچ کی بجائے سات رکنی بنچ کو سننا چاہئے۔ اسحاق خاکوانی کی جانب سے جسٹس جواد ایس خواجہ کو بنچ سے الگ کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی۔ چیف جسٹس نے تینوں درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ اس معاملے کی سماعت آج جمعرات کو جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل تین رکنی بنچ ہی کریگا۔

ای پیپر-دی نیشن