• news

کور کمانڈرز کانفرنس: آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں پر اظہار اطمینان، امریکہ افغانستان میں سکیورٹی معاہدہ کو دیرپا امن کے لئے اچھی پیش رفت قرار دیا گیا

راولپنڈی (آن لائن+ نیشن رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت  پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران حاصل کی جانے والی کامیابیاں قابل تحسین ہیں وہ گزشتہ روز جنرل ہیڈ کوارٹرز میں 175 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کررہے تھے۔ اعلیٰ فوجی قیادت نے پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی غور کیا اور انہیں ملک کی داخلی اور خارجی سلامتی کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کا جائزہ لیتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے آپریشن میں اب تک کی پیشرفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور کامیابیوں کو سراہا۔ اجلاس میں تمام شریک افسروں نے جاری آپریشن کے دوران افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں نئے کور کمانڈرز نے بھی شرکت کی جن میں کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل ہلال حسین‘ نئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار‘ نئے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت اﷲ خان‘ کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل غیور محمود شامل تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں سبکدوش ہونے والے افسران کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ نئے کور کمانڈرز کا خیر مقدم کیا گیا۔ قبل ازیں آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے نئے افسران کو رینک بھی لگائے۔ نجی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈروں کے اجلاس میں امریکہ اور افغانستان کے درمیان گزشتہ روز طے پانے والے سکیورٹی معاہدے پر غور کیا گیا اور اس معاہدے کو افغانستان میں دیرپا امن کے لئے اچھی پیش رفت قرار دیا۔ واضح رہے کہ امریکہ اور افغانستان میں گزشتہ روز طے پانے والے معاہدے کے بعد دسمبر 2014ء کے بعد بھی 12ہزار کے قریب امریکی اور غیرملکی فوجیوں کو افغانستان میں قیام کی اجازت ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن