سیلاب متاثرین میں امدادی رقوم کی ادائیگی شروع، پہلے روز 34 کروڑ 61 لاکھ روپے تقسیم
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین میں امدادی رقوم کی تقسیم کا کام شروع ہوگیا۔ پہلے روز 13845 سیلاب متاثرین میں 34 کروڑ 61 لاکھ روپے تقسیم کئے گئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے خود موقع پر جا کر 5 اضلاع میں سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگی کے عمل کی نگرانی کی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 13845 سیلاب متاثرہ خاندانوں کو بلاامتیاز پہلی قسط کے طور پر 25,25 ہزار روپے ادا کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف گزشتہ روز جب متاثرین سیلاب کو امدادی رقوم کی ادائیگی کے عمل کا جائزہ لینے ضلع حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاںپہنچے تو گاڑیوں کی بڑی تعداد دیکھ کر شدید برہمی کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن، ڈی سی او حافظ آباد اور انتظامیہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شادی بیاہ کی تقریب نہیں کہ آپ گاڑیوں پر لائو لشکر لیکر آئے ہیں۔ آپ سب کو ایک کوسٹر یا وین میں آنا چاہئے تھا۔ انہو ںنے کہا کہ اگر میں چھوٹی گاڑی میں بیٹھ کر آ سکتا ہوں تو آپ کیوں نہیں آ سکتے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے گزشتہ روز متاثرین سیلاب کو پہلی قسط کے طو رپر مالی امداد کے آغاز کے پہلے روز 5متاثرہ اضلاع حافظ آباد،سرگودھا، منڈی بہائو الدین، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے علاقوں کا 10گھنٹے تک دورہ کیا اور سیلاب زدگان کو دنوں میں مالی امداد کی ادائیگی کے آغاز کا وعدہ پورا کیا۔ وزیراعلیٰ سیالکوٹ ائرپورٹ سے وین پر سفر کر کے کئی کلومیٹر دور سبمڑیال پہنچے۔ وزیراعظم نوازشریف نے وزیرآباد میں سیلاب زدگان کو مالی امداد کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیلاب کے دوران دن رات کام کرنے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ لیڈر وہی ہوتا ہے جو مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑا ہو۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ شہبازشریف کی لیڈرشپ کا کمال ہے کہ متاثرہ افراد کو اتنی جلدی شفاف طریقے سے امدادی رقوم کی ادائیگی کا کام شروع ہوچکا ہے جس پر میں وزیراعلیٰ شہبازشریف اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے رات گئے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے اجلاس سے خطاب کیا اور سیلاب متاثرین کو مالی امداد کی پہلی قسط کی ادائیگی کے پہلے روز کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ’’خادم پنجاب امدادی پیکیج‘‘ کے تحت 16متاثرہ اضلاع میں پہلی قسط کے طور پر مالی امداد کی ادائیگی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متاثرہ خاندانوں کو تیز رفتاری سے شفاف طریقے سے ادائیگیاں کی جا رہی ہیں۔ ادائیگی سینٹرز پر متاثرین کی سہولت کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ عید سے قبل پہلی قسط کی ادائیگی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ادائیگی کے بہترین انتظامات کرنے پر کابینہ کمیٹی کو مبارکباد دی۔
شہباز شریف/ ویڈیو لنک خطاب