پی ٹی سی ایل مرکزی ایکس چینج کی سروسز چوتھے روز بھی بحال نہ ہو سکیں‘ عوام کا احتجاج
لاہور (کامر رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں پی ٹی سی ایل کی مرکزی ایکسچینج میں مواصلاتی نظام چوتھے روز بھی ٹھیک نہ ہو سکا، انٹرنیٹ کی سروس بھی بحال نہ ہو سکی، ٹیلیفون کی ہزاروں لائنیں بدستور بند ہیں۔ پی ٹی سی ایل کے ذرائع کے مطابق مواصلاتی نظام پوری طرح بحال نہیں ہوا تاہم بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ امکان ہے کہ دو روز تک تمام سروسز مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی۔ ریسکیو 1122 اور پولیس ایمرجنسی سمیت کوئی سروس بحال نہ ہو سکی۔ تنخواہ دار طبقہ کو تنخواہیں نکلوانے اور کاروباری افرد کو لین دین کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بینکنگ نظام مسلسل چوتھے روز بھی مفلوج رہا۔ فون انٹرنیٹ کی سروس معطل ہونے کے خلاف لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی سر پر آ گئی ہے ابھی تک ہم نہ اپنے بیوی بچوں کیلئے عید کی خریداری کر سکے ہیں نہ قربانی کے جانور خرید سکے ہیں، حکومت جلد پی ٹی سی ایل ایکسچینج کی تمام سروسز کو بحال کرائے۔ بینکنگ سیکٹر سے وابستہ افراد نے بتایا کہ انٹرنیٹ سروس نہ ہونے کے باعث ای بینکنگ نہیں ہو رہی جس سے کسٹمرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے ہم پر تنقید شروع کر دی ہے حالانکہ پی ٹی سی ایل حکام کی غفلت کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پی ٹی سی ایل جلد از جلد انٹرنیٹ اور فون سروس بحال کرے۔ اگر عید سے قبل یہ سروسز بحال ہو جاتی ہیں تو معاملہ نہیں بگڑے گا لیکن اگر عید پر بھی یہ سروسز بحال نہ ہوئیں تو لوگ احتجاجی مظاہرے شروع کر دینگے۔
لاہور (سپیشل رپورٹر) پی ٹی سی ایل کی خرابی کی وجہ سے پورے پنجاب کے پاسپورٹ آفس بند ہوگئے اور پاسپورٹ بنوانے کا عمل رک گیا۔ پاسپورٹ ذرائع کے مطابق آج بھی پی ٹی سی ایل سسٹم کو ٹھیک نہیں کرسکے گا، جمعہ یا ہفتہ کو سسٹم ٹھیک ہونے کا امکان ہے۔ پنجاب میں ساہیوال اور سیالکوٹ کا پاسپورٹ دفتر کام کر رہا ہے۔ لاہور ایکسچینج میں لگنے والی آگ کی وجہ سے نقصانات میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پنجاب بھر میں قریباً روزانہ 10 ہزار افرد نئے پاسپورٹ کیلئے جاتے ہیں، آج بھی سسٹم ٹھیک ہونے کے امکانات کم ہیں۔ پاسپورٹ آفس کے ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساہیوال کا دفتر چونکہ اسلام آباد سے لنک ہے جبکہ سیالکوٹ کا دفتر سیٹلائٹ سے چلتا ہے اسلئے وہاں پاسپورٹ جمع ہو رہے ہیں، عارضی طور پر سسٹم بحال ہوگا جو بہت سست کام کریگا جبکہ ڈیٹا فیڈ کرنے کی رفتار 60 فیصد کم ہوگی۔
پاسپورٹ آفس بند