مشرف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کی حکومتی اپیل کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی
اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نہ نکلوانے کے حوالے سے حکومتی اپیل کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔ التواء کی درخواست پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے ایک روز قبل دائر کی تھی جبکہ رجسٹرار آفس نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کیلئے انعام الرحیم کی جانب سے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی اور اسے باقاعدہ نمبر بھی الاٹ کردیا گیا ہے۔ چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے بدھ کے روز حکومتی اپیل کی سماعت کی۔ اس دوران چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو بتایا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل نے مقدمے کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے کیونکہ وہ سپیشل عدالت میں پرویز مشرف کیس میں پیش ہورہے ہیں اس پر توفیق آصف ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ خصوصی عدالت مشرف کیس تین رکنی بنچ کے سربراہ نہ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی جمعرات کیلئے ملتوی کرچکی ہے اس پر التواء نہیں بنتا ۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارے پاس درخواست ایک روز قبل آئی اس لئے منظور کی جاتی ہے اور سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کی جاتی ہے ۔ کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم نے سپریم کورٹ میں میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کی ای سی ایل سے نام نہ نکالنے کی جو درخواست دے رکھی تھی وہ سماعت کیلئے منظور کرلی گئی ہے آئندہ سماعت میں یہ درخواست سماعت کیلئے حکومتی اپیل کے ساتھ لگائی جائے گی۔
مشرف / نام