• news

لاہور پولیس میں محافظ سکواڈ ختم کر کے دو نئے یونٹ بنانے کا فیصلہ

لاہور (معین اظہر سے) آئی جی پنجاب نے خراب کارکردگی پر لاہور پولیس کا محافظ سکواڈ ختم کر کے دو نئے یونٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے سلسلہ میں حکومت پنجاب سے 91 کروڑ 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔ محافظ سکواڈ کی جگہ خضر سکواڈ اور ایمرجنسی رسپانس یونٹ کو گاڑیاں لیکر دی جائیں گی۔ وہ ایمرجنسی، ون فائیو کال سپاٹ پر پہنچنے والی پہلی فورس ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کی وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ موجودہ دور میں جیوگرافک پوزیشنگ سسٹم، گوبل سسٹم آف موبائل، کمپیوٹرائزنگ ٹول کے ذریعے دنیا میں جرائم کنٹرول کئے جا رہے ہیں۔ خضر سکواڈ موٹر سائیکل سکواڈ ہو گا جس کا مقصد عوام کو پولیس کی آسان سہولت فراہم اور لوگوں میں جرائم کا خوف ختم  کرنا ہے۔ خضر ٹیموں میں اچھی ٹریننگ کے بعد موٹر سائیکل یونٹ تعینات کئے جائیں گے۔ ان کو شہر میں بیٹ سسٹم دیا جائیگا اور سینٹرل کمانڈ کے ماتحت ہوں گے۔ وہ عوام سے آپ جناب کر کے بات کریں گے۔ اس کیلئے آئی جی پنجاب نے اس خضر سکواڈ کیلئے موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان کیلئے 39 کروڈ 20 لاکھ روپے مانگے ہیں۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ حکومت کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر رہی ہے جس میں کیمروں کے ذریعے پورے لاہور کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو کامیاب کرنے کیلئے موبائل پولیس یونٹ کی ضرورت ہو گی تاکہ وہ فوری ایکشن لے سکے۔ اسلئے مجاہد پٹرولنگ پولیس کی جگہ پولیس ایمرجنسی رسپانس یونٹ بنائے جائیں جس میں مین پاور مجاہد سکواڈ سے لی جائے۔ ان کو نئی گاڑیاں اور ٹیکنالوجی، ٹریننگ اسلحہ اور دیگر ایمرجنسی سامان فراہم کیا جائے۔ یہ فورس ون فائیو پر ملنے والی اور آئی سی تھری سسٹم کے تحت کسی ایمرجنسی پر فوری کارروائی کرنیوالی پہلی فورس ہو گی۔ پہلے فیز میں اس کو 100 موبائل پٹرولنگ یونٹ بنانے کیلئے 100 گاڑیاں خریدی جائیں گی۔ اس پر تقریباً ابتدائی طور پر 50 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچہ آئیگا۔ پولیس کے ذرائع کے مطابق کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بنانے پر پولیس نے تقریباً ایک ارب لگوایا ہے اب میں اس سسٹم کو کامیاب کرنے کیلئے مزید ایک ارب روپیہ مانگا جا رہا ہے۔ مگر اس کے باوجود جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
مجاہد سکواڈ ختم

ای پیپر-دی نیشن