’’نیب افسروں کے تبادلوں کیلئے فہرست تیار‘‘ ایک ہی ریجن میں 5 سال گزرنے والوں کو دوسرے ریجنز میں ٹرانسفر کیا جائیگا
اسلام آباد (رستم اعجاز ستی/ نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایک ہی ریجن میں پانچ سال تک خدمات سرانجام دینے والے نیب افسران کو ٹرانسفر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب کے شعبہ ہیومن ریسورس نے پانچ سال تک ایک ہی ریجن میں کام کرنیوالے افسران کی فہرستیں تیار کرلیں۔ ذرائع کے مطابق نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں یہ معاملہ زیرغور لایا گیا تھا اور فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایک ہی ریجن میں پانچ سال تک کام کرنیوالے افسران کو ملک بھر کے دوسرے ریجنز میں ٹرانسفر کردیا جائیگا۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے شعبہ ایچ آر کو ایسے افسران کی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق ایسے افسران کی فہرست تیار کرلی گئی ہے اور ان افسران کی تعداد 100 سے زیادہ ہے، جلد ہی ان افسران کو دوسرے ریجن میں ٹرانسفر کرنے کا عمل شروع کردیا جائیگا، ٹرانسفر ہونے والوں میں نیب کے گریڈ 17 اور 18 کے افسران کی تعداد زیادہ ہے اور ان میں سے بھی زیادہ تر افسران نیب راولپنڈی اور نیب ہیڈکوارٹر میں تعینات رہے ہیں۔
نیب افسران/ تبادلے