پشاور میں متعین امریکی قونصل جنرل کی پرویز خٹک سے ملاقات، سرمایہ کاری کی پیشکش
پشاور(بیورورپورٹ)پشاور میں متعین نئے امریکی قونصل جنرل جان ایف ڈینی لویزاوریو ایس ایڈکے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر گیگری ایف ہیوگر نے اپنے متعلقہ افسران کے ہمراہ خیبرپی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی اور انہیں خیبر پی کے میںتعلیم و صحت، آبنوشی، زراعت اورمواصلات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور امداد کی پیش کش کی جبکہ انہوں نے صوبے میں مقیم لاکھوں آئی ڈی پیز کی بہتر مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں کسی صوبائی حکومت اور عوام کی طرف سے اتنی بڑی تعداد میں مہاجرین کے قیام اور کفالت کی مثال نہیں ملتی جس پر انہوں نے خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف صوبے کے عوام اور پولیس کی قربانیوں کو بھی سراہا وزیراعلیٰ نے ان کے نیک تاثرات اور تعاون کی پیش کش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے دس لاکھ آئی ڈی پیز کی مہمان نوازی کا بندوبست کیا ہے۔ اس ضمن میں ہمیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کی بھی ضرورت ہے۔ پرویز خٹک نے صوبے میں مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے یو ایس ایڈ کے تعاون بالخصوص میونسپل سہولیات کی بہتری میں کردار کو سراہا۔ یو ایس ایڈ حکام نے بعض معاملات میں ناگزیر تاخیر کا اعتراف کرتے ہوئے آئندہ اسے دور کرنے کا یقین دلایا وزیر اعلیٰ نے امریکی سفیر کی جانب سے پشاور اور دیگر بڑے شہروں میں کوڑا کرکٹ کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگا کر اس سے بجلی پیدا کرنے کے پروگرا م میں سرمایہ کاری کی پیشکش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام اسلئے ضروری ہے کہ اب ہمارے شہروں میں ہزاروں ٹن کوڑا کرکٹ کیلئے جگہ کی قلت کا بھی سامنا ہے وزیراعلیٰ نے امداد کی پیش کش کے جواب میں صوبے میںیو ایس ایڈکے پہلے سے جاری منصوبوں کے علاوہ دیہی سڑکوں کی تعمیر، سوات ایکسپریس وے اور پشاور ماس ٹرانزٹ جیسے میگا پراجیکٹس میں تعاون کی درخواست کی جسے انہوںنے قبول کرتے ہوئے دیہی سڑکوں کی تعمیر کا ہمہ گیر پروگرام شروع کرنے کا عندیہ دیا۔