• news

بھاشا ڈیم کی فنڈنگ کیلئے 8 اکتوبر کو امریکہ میں کانفرنس ہوگی: اسحاق ڈار

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے امریکی نمائندہ رابن رافیل اور روسی سفیر ایلکسی ڈی ڈوو نے ملاقات کی جس میں دیامیر بھاشا ڈیم منصوبے پر فنڈنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم کی فنڈنگ کیلئے 8 اکتوبر کو امریکہ میں کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے کاسا 1000 منصوبہ بھی اہم ہے۔ منصوبے میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے افغان حکومت سے بات کی جائیگی۔ امریکی نمائندے رابن رافیل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو درپیش توانائی کے مسائل حل کرنے میں مدد کریگا۔ ملاقاتوں کے بعد وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق روسی سفیر سے اسحاق ڈار کی ملاقات میں پاکستان روس باہمی تجارت بڑھانے کے امور پر بات چیت کی گئی۔ پاک روس مشترکہ حکومتی کمیشن کے اجلاس بلانے پر بھی اتفاق ہوا۔ اسحاق ڈار کمیشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے روس جائیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے مجوزہ حل کے ساتھ قائد اعظم شمسی توانائی پارک بہاولپور کے منصوبے کے بارے میں سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار کو ایک مکمل کیس بنانے اورمنظوری کیلئے اسے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی میں لانے کی ہدایت کردی۔بدھ کو وزیر خزانہ کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں سیکرٹری خزانہ پنجاب جہانزیب خان نے منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے درپیش مسائل پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر خزانہ کہا کہ ہم مسائل کو حل کرنے کیلئے قواعد و ضوابط کے تحت ہر ممکن کوششیں بروئے کا رلائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن