• news

ہمارا مقصد حکومت گرانا نہیں، شفاف الیکشن کی راہ ہموار کررہے ہیں: شاہ محمود

لاہور (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری جماعت صاف و شفاف الیکشن کی راہ ہموار کرنے کا مطالبہ کررہی ہے اور ہمارا مقصد حکومت گرانا نہیں۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف وزیراعظم کو یہ مشورہ دے چکی ہے کہ وہ خود مستعفی ہوکر اپنی ہی جماعت کے کسی اور فرد کو وزیراعظم نامزد کریں اور اس کے بعد تحقیقات کرائیں۔ ہمارے موقف کی حمایت خود پیپلز پارٹی بھی یہ کہہ کرکرچکی ہے کہ یہ آر اوز کے الیکشن تھے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کررہی۔ سب کا دل عید گھر میں منانے کو چاہتا ہے اور عمران خان بھی نہیں چاہتے کہ وہ اتنے دن کنٹینر میں رہیں، اتنے دنوں تک لوگوں کو اکٹھے رکھنا آسان کام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقصد پورا نہ ہوا تو عمران خان اور کارکن عید ڈی چوک پر منائیں گے، قربانی بھی وہیں ہوگی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی حد تک سکڑ کر رہ گئی ہے اور مفاہمت کی پالیسی کے مقابلے میں دوسرا گروپ بھی بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18اکتوبر کے جلسے میں بلاول، نواز شریف کو جھنڈی دکھا دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن