لیز پر مزید 2 بوئنگ طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل
لاہور (خبر نگار) پی آئی اے نے دومزید بوئنگ 737-800 طیارے ویٹ لیز پر اپنے فضائی بیڑے میںشامل کر لیا ہے۔ دونوں طیارے گذشتہ روز صبح استنبول سے کراچی ایئر پورٹ پہنچے۔ جدید ٹیکنالوجی کے حامل طیارے ترکی کی ایئر لائن کرونڈون سے حاصل کئے گئے ہیں۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق نئے طیاروں کی پی آئی اے کے بیڑے میں شمولیت کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مینیجنگ ڈائریکٹر شاہ نواز رحمان نے کہا کہ دونوں طیارے فوری طور پر آپریشن میں شامل کر دئیے گئے ہیں اور ان کو اندرون اور بیرون ملک پروازوں کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید طیارے بھی فضائی بیڑے میں شامل کئے جا رہے ہیں۔