لانگ مارچ والوں کو ناکامی ہو گی‘ حکومت آئینی مدت ہر صورت پوری کریگی : شہباز شریف
لاہور + جھنگ+ چنیوٹ (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اپنے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کو ان کے گھروں کے نقصان کے ازالہ کیلئے مالی امداد کی پہلی قسط کی تقسیم کے عمل کو انتہائی تیز رفتاری اور شفاف طریقے سے آگے بڑھا رہی ہے۔ سیلاب متاثرین کیلئے مہیا کیے جانے والے وسائل قومی امانت ہے جنہیں دیانتداری کے ساتھ حقداروں تک پہنچایا جارہا ہے اوراس ضمن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے فول پروف نظام وضع کیاگیا ہے تاکہ مالی امداد تمام حقداروںکو جلد سے جلد مل سکے۔ ادائیگی کے تمام عمل کی نگرانی نچلی سطح پر ڈیجیٹل مانٹیرنگ سسٹم کے ذریعے کی جارہی ہے اور میں خود ذاتی طور پر اس عمل کی نگرانی کررہا ہوں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز چنیوٹ کی تحصیل لالیاں اور جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری میں ادائیگی سینٹرز کے دوروں اور متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے ضلع چنیوٹ کے علاقے لالیاں میں سیلاب متاثرین کو امدادی قوم کی ادائیگی کیلئے بنائے گئے سینٹر اور شکایت سیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے وہاں موجود انتظامیہ اور عملے کو ہدایت کی کہ ایک ایک پائی کو قومی امانت سمجھ کر خرچ کیا جائے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی ایک ذمہ داری ہی نہیں قومی فریضہ بھی ہے۔ مانیٹرنگ کمیٹیوں میں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ارکان کو شامل کیا گیا ہے۔ متاثرین سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب تک بحالی کا کام مکمل نہیں ہو جاتا، میں آپ کے پاس آتا رہوں گا۔ امدادی رقوم کی یہ پہلی قسط ہے، انشاء اللہ دوسری قسط بھی جلد ادا کی جائے گی۔ متاثرہ خاندانوں کی آبادکاری کیلئے مالی امداد 25ہزار روپے فی گھرانہ کی پہلی قسط کی ادائیگی عید الاضحیٰ سے قبل مکمل کرلی جائے گی جبکہ سروے کی بنیاد پر تخمینہ لگاکر فصلوں، گھروں اور مویشیوں کے نقصانات کے معاوضہ کی دوسری قسط 20اکتوبر سے شروع کی جائے گی جو پہلی قسط سے زیادہ ہوگی اور معاوضہ کی ادائیگی کا یہ کام ماہ اکتوبر میں مکمل ہو جائے گا جس سے سیلاب متاثرین اپنے معمولات زندگی سکون کے ساتھ شروع کرسکیں گے۔ سیلاب زدگان کی امداد وبحالی کے لئے حکومت پنجاب نے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں جس میں 50فیصد حصہ وفاقی حکومت کی طرف سے وزیراعظم محمد نوازشریف نے فراہم کیا ہے تاکہ سیلاب میں اجڑے ہوئے بہنوں اور بھائیوں کو جلداپنے پائوں پر کھڑا کیا جاسکے۔ مالی امداد کی تقسیم کے تمام کام کو منظم اور شفاف بنایا گیا ہے اور اس عمل کی سیٹلائٹ مانیٹرنگ کے علاوہ وہ خود مراکز تقسیم میں جا کر متاثرین کو ادائیگیوں کے امورکا جائزہ لے رہے ہیں۔ کوئی حقدارمالی امداد سے محروم نہیں رہے گا اس ضمن میں کسی قسم کی شکایت کے ازالہ کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جن میں بلا تفریق اچھی شہرت کے حامل ریٹائرڈ سرکاری افسران کو شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری کا دورہ کیا اور گورنمنٹ ہائی سکول لنگر مخدوم میں قائم ادائیگی مرکز میں متاثرین سیلاب کو مالی امداد کی فراہمی کے عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بینک، نادرا اورموبائل نیٹ ورک کمپنی کے اشتراک سے تصدیق اور نقد رقوم کی ادائیگی کا جائزہ لیتے ہوئے عملے کوہدایت کی کہ ادائیگی کا عمل تیز رفتاری سے پورا کیا جائے تاکہ کسی بزرگ بھائی، بہن اور ماں کو انتظار کی زحمت نہ کرنی پڑے۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اطمینان رکھیں آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ جھنگ اور اٹھارہ ہزاری سے نامہ نگاران کے مطابق شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کاکام شروع کر دیا ہے متاثرین کی مکمل بحالی تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شہباز شریف نے چنیوٹ کے علاقہ لنگر مخدوم میں متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے متاثرین سیلاب زدہ بھائیوں کے ساتھ ہیں ا ور ان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے حکومت کا وژن ہے کہ وہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرے قوم کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیلاب متاثرین کو نہیں بھولنا چاہیے، میں عید اپنے متاثرین بھائیوں کے ساتھ منائوں گا، انہوں نے اپنے خطاب کے دوران مزید کہا کہ حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت ہر صورت پوری کرے گی حکومت کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اسلام آباد میں دھرنے دینے والوں نے ملکی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ یہ لوگ سیلاب کے دوران کہاں کھڑے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لندن پلان بے نقاب ہو چکا ہے اسلام آ باد لانگ مارچ والے ملک میں بدامنی پیدا کرنا چاہتے ہیں ان کو ناکامیوں کے سوا کچھ حاصل نہ ہو گا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے لگائے گئے کیمپ کا دورہ بھی کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی خوشدامن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔