• news

بھارت پاکستان کو ہرا کر ہاکی کا ایشین چیمپئن بن گیا

انچیون(چودھری اشرف/سپورٹس رپورٹر) ایشین گیمز 2014ء ہاکی کا ٹائٹل بھارت نے پاکستان کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر چار دو سے شکست دیکر جیت لیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ بھارت نے ایشین گیمز میں کامیابی حاصل کر کے 2016ء کے لئے بھی کوالیفائی کر لیا۔سنہاک سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درامیان میچ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا۔ میچ کے دوسرے منٹ میں پاکستان ٹیم نے عمر بھٹہ ، شفقت رسول اور رضوان سینئر کے درمیان بننے والی موو پر رضوان سینئر نے بال کو جال کی راہ دکھا کر میچ میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی۔ پہلے کوارٹر کے آخری منٹ میں بھارت کو اوپر تلے دو گول کرنے کے یقینی مواقعے ملے لیکن بھارتی کھلاڑی رمندیپ کی پہلی شاٹ کو پاکستانی گول کیپر عمران بٹ نے خوبصورت طریقے سے روکا جبکہ سنیل کی دوسری شاٹ گول پوسٹ کے اوپر سے باہر چلی گئی۔ دوسرے ہاف میں بھی کوئی گول نہ ہوسکا۔ دوسرے کوارٹر کے 23 ویں منٹ میں بھارت کو پنلٹی کارنر ملا جس کو پاکستانی گول کیپر عمران بٹ نے کلیئر کیا۔ پانچ منٹ بعد جیت سنگھ نے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ تیسرے کوارٹر کے چھٹے اور میچ کے 36 ویں منٹ میں پاکستان ٹیم کو ملنے والے پنلٹی کارنر پر بھارتی گول کیپر نے گول نہ ہونے دیا۔ میچ کا اختتام ایک ایک گول سے ہوا۔ دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنلٹی شوٹ آوٹ دی گئیں۔ جس پر بھارت نے پاکستان کو چار دو سے ہرا  کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ پاکستان ٹیم سلور میڈل کی حقدار قرار پائی۔ قبل تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں کوریا نے ملائیشا کو ہرا کر وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کی۔

ای پیپر-دی نیشن