اسلام فوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے مناسب حکمت عملی اپنائی جائے: رابطہ عالم اسلامی
مکہ مکرمہ (اے پی پی) مکہ میں منعقد ہونے والی 3 روزہ سالانہ کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی جس میں رابطہ عالم اسلامی سے کہا گیا ہے کہ وہ جتنا جلدی ہو سکے بین الاقوامی اجلاس منعقد کرے جس میں دہشت گردی سے نمٹنے کے طریقوں اور ذرائع پر بحث کی جائے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کانفرنس میں 500 سے زائد سکالر نے حصہ لیا ۔ رابطہ عالم اسلامی سیکرٹری جنرل عبداﷲ بن عبدالمحسن الترکی نے سفارشات پڑھیں جس میں اسلام فوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے مناسب حکمت عملی بنانے پر زوردیا ۔ کانفرنس میں اسلامی ممالک سے کہاگیا کہ وہ اسلام کوحقیقی معنوں میں اپنائیں اور فرقہ واریت کے خلاف ڈٹ جائیں۔ سفارشات میں مزید کہاگیا کہ مسلمان نوجوان کو حقیقی اسلامی ثقافت سے روشناس کرایاجائے تاکہ وہ دہشت گردی فرقہ واریت جیسے گھنائونے فعل سے بچے رہیں۔