جاوید ہاشمی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کا آمنا سامنا، ایک دوسرے پر الزامات
ملتان (آئی این پی) تحریک انصاف کے کارکنوں اور اپنی انتخابی مہم میں مصروف مستعفی صدر جاوید ہاشمی کا سڑک پر ٹاکرا ۔ گزشتہ شب جاوید ہاشمی حلقہ این اے 149 میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم چلا رہے تھے کہ اسی دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں سے ایک جگہ ان کی مڈ بھیڑ ہوگئی۔ کارکنوں نے ان پر مشکل وقت میں پارٹی کو چھوڑنے اور جھوٹے الزامات لگا کر بدنام کرنے کا الزام لگایا ۔ کارکنوں نے کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ ن کی شہ پر سب کچھ کیا یہی وجہ ہے کہ اب مسلم لیگ ن ان کی حمایت کررہی ہے ۔ کارکنوں نے جاوید ہاشمی سے کہا کہ ملتان کے عوام آپ کو اس پر عبرتناک سزا دیں گے۔ جس پر جاوید ہاشمی بھی گرم ہوگئے ۔ کارکنوں اور ان کے درمیان کافی دیر تک بحث و تکرار جاری رہی اور ایک دوسرے پر الزامات لگائے جاتے رہے۔ تکرار کا یہ سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا تاہم حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جاوید ہا شمی وہاں سے چلے گئے ۔