• news

بنوں میں آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک، خیبر، مہمند ایجنسی سے 5 نعشیں برآمد

بنوں / جمرود (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) بنوں میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے متعدد شدت پسندوں کو گرفتار بھی کرلیا، گرفتار ہونے والوں میں اہم شدت پسند کمانڈر بھی شامل ہے‘ سکیورٹی ذرائع کاکہنا ہے بنوں کے علاقے ولی نور جانی خیل میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ علاقے میں گھر گھر تلاشی لی جارہی ہے۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے متعدد کوگرفتار بھی کر لیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ گرفتار افراد کو سکیورٹی فورسز نے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ادھر خیبر ایجنسی اور مہمند ایجنسی سے5نامعلوم افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ نعشوں کو شناخت کے لئے ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ خاصہ دار فورسز کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں علاقہ غنڈی سے 2نامعلوم افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔ وادی تیراہ کے علاقہ سیخ کوٹ سے بھی 2نامعلوم افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کیاگیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی میں تحصیل حلیم زئی کے علاقہ چندا سے ایک نامعلوم شخص کی نعش ملی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن