• news

کرگل جنگ عظیم فوجی فتح تھی جسے شکست میں بدل دیا گیا: مشرف

کراچی (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ کرگل جنگ عظیم فوجی فتح تھی جسے شکست میں بدل دیا گیا‘ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر پاکستان اور بھارت خطے میں مستقل امن قائم نہیں کرسکتے۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں پرویز مشرف نے کہا کہ نواز شریف کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنی چاہئے تھی۔ نواز شریف نے نئی دہلی میں حریت رہنمائوں سے ملاقات کو نظرانداز کرکے پاکستان کے قومی مفاد پر سمجھوتہ کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کہا کہ یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے اور دونوں ممالک اس وقت تک خطے میں مستقل امن قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتے جب تک کہ اس مسئلے کو حل نہیں کرلیا جاتا۔ بھارت کیساتھ تجارتی تعلقات کی مخالفت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا قابل عمل حل تلاش کئے بغیر بھارت کیساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ نہیں دینا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے حوالے سے نواز شریف پاکستان کی عزت ووقار پر سمجھوتہ کررہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن