ہائر ایجوکیشن کمشن 4 سال میں صحت پر تحقیق کیلئے 22 سو ملین خرچ کریگا
اسلام آباد (اے پی پی) ہائیر ایجوکیشن کمیشن آئندہ تین سے چار برسوں میں ملک میں صحت پر تحقیق اور میڈیکل سائنسز پر 2210ملین روپے خرچ کرے گا۔اس مقصد کیلئے تحقیق ،بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، ہائی ٹیک ریسرچ لیبز اور مخصوص شعبوں میں پیشہ وارانہ تربیت پر ایچ ای سی سرکاری یونیورسٹیوں کو فنڈز فراہم کرے گا ۔ان سہولیات کے تحت ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکراچی،خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشا ور اور انٹرنیشنل سنٹر فار کیمیکل اینڈ بائیو لوجیکل سائنسز کراچی کو فنڈز دیئے جائیں گے۔ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے گزشتہ روزاس تجویز کی منظوری دی۔ ایچ ای سی نے متعلقہ ہیلتھ سائنسز میں ریسرچرز کی ٹیم تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سکیم کے تحت انٹرنیشنل سنٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز یونیورسٹی آف کراچی کو لیبارٹری آلات سے آراستہ کیا جائے گا۔اسی طرح خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاور میں ایک لبلبہ (پینکریاز) سرجری اور پیوند کاری اور دوسرا ذیابیطس اور اینڈوکرائینولوجی کے ریسرچ ادارے قائم کئے جائیں گے۔ سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے دانتوں اور گلے کے امراض کیلئے ریسرچ میں مزید طلبہ کے داخلہ کیلئے ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی سکیم کی بھی منظوری دی۔