متاثرین کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے گھر گھر قربانی کا گوشت پہنچائینگے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ جماعۃالدعوۃ عیدالاضحی پر سیلاب متاثرہ علاقوںمیں ہزاروںجانور قربان کرے گی۔ متاثرین کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے گھر گھر قربانی کا گوشت پہنچایا جائے گا، مختلف شہروں سے جانور خرید کر متاثرہ علاقوں میں پہنچانے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کے مزید رضاکاروں کو گوشت تقسیم کرنے کیلئے متاثرہ علاقوں میں بھیجاجارہا ہے۔ کارکنوں اور ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حالیہ سیلاب سے پنجاب اور آزاد کشمیرکے مختلف شہروں و دیہاتوں میں شدید تباہی ہوئی ہے۔ اب تک متاثرین تک جو امداد پہنچ رہی ہے وہ انتہائی کم ہے۔ سیلاب متاثرہ بھائیوں کو خشک راشن اور رہائش کی اشد ضرورت ہے۔ جماعۃالدعوۃ نے اس صورتحال کے پیش نظر وسیع پیمانے پر ریلیف سرگرمیوں کاپروگرام تشکیل دیا ہے۔ عید الاضحی کے ایام میں جماعۃالدعوۃکی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ہزاروں جانور قربان کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ جماعت کے رہنمائوں، کارکنوں اور علما کرام کی بڑی تعداد متاثرہ علاقوں میں عید الاضحی کے دن گزارے گی تاکہ قربانی کا گوشت پہنچانے کا عمل بخوبی سرانجام دیا جا سکے۔ لاکھوں متاثرین میں قربانی کا گوشت تقسیم کیاجائے گا اور عید کے ایام میں خصوصی کھانے کا بندوبست کرتے ہوئے اجتماعی دستر خوان لگائے جائیں گے۔ سیلاب متاثرین کے ساتھ ساتھ بلوچستان، تھرپارکر اور وزیرستان کے آئی ڈی پیز میں بھی قربانی کا گوشت تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہزاروں خاندانوں کیلئے ایک ماہ کے راشن پیک بھجوائے گئے ہیںجنہیں متاثرین میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔