• news

گھریلو حالات، بیروزگاری سے تنگ طالب علم اور 2 خواتین سمیت 7 افراد کی خودکشی

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نمائندگان) گھریلو حالات اور بیروزگاری سے دلبرداشتہ ہو کر ایف اے کے طالب علم اور 2 خواتین سمیت 7 افراد نے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ یوحنا آباد کاہنہ کے 48 سالہ فیاض نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکرزہریلی گولیاں کھا لیں۔ حالت غیر ہونے پر لواحقین نے اسے ہسپتال پہنچایا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا جبکہ لیاقت آباد میں ایف اے کے طالبعلم خرم نے پسند کی شادی نہ ہونے پر زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی محلے دار ایک لڑکی سے پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا، دونوں کے گھر والے شادی کیلئے رضا مند نہ تھے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق 24سالہ انعم کی شادی عمر فاروق سے ہوئی تھی گزشتہ روز دونوں میاں بیوی میں تلخ کلامی ہوئی جس پر انعم نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔ تاندلیانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق 18 سالہ راشد بیروزگاری سے تنگ تھا، دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گائوں رسول پر کا رہائشی شوکت علی کی مبینہ طور پر اپنے اہل خانہ سے کئی روز سے ناراضگی چلی آ رہی تھی۔ گزشتہ روز وہ قبرستان میں ٹی ایم اے کی پانی کی سرکاری ٹینکی کے اوپر چڑھ گیا اور اس نے نیچے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ سانگلاہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نواحی چک43 کوٹلہ کلاں کے رہائشی 25 سالہ فرحان علی بجلی گھر کے سامنے ایک ورکشاپ میں کام کرتا تھا، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ورکشاپ کا کام بری طرح متاثر ہو رہا تھا، فرحان علی نے دلبردا شتہ ہو کر اپنی گردن پر پسٹل رکھ کر گولی مار لی۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق محلہ کینال پارک مریدکے کی رہائشی 20 سالہ کرن کی شادی ایک سال قبل کامونکی میں ہوئی تھی جس کا خاوند شراب کا نشہ کرتا تھا، باز نہ آنے پر کرن نے خلع کا دعویٰ کردیا۔ گزشتہ روز تاریخ پیشی سے واپسی پر کرن نے چائے میں گولیاں ملا کر گھر میں ہی خودکشی کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن