• news

انتخابی ریکارڈ مکمل محفوظ ہے‘ ریٹرننگ افسروں کیخلاف کارروائی کا ہمیں اختیار نہیں: الیکشن کمشن

اسلام آباد (آن لائن + وقائع نگار خصوصی) پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمشن نے کہا کہ عام انتخابات میں ریٹرننگ افسروں کیخلاف شکایات موصول ہوئیں لیکن ان کیخلاف ہمیں کارروائی کرنے کا اختیار نہیں۔ کمیٹی کو عام انتخابات کے حوالے سے اصلاحات کی پانچ سو سے زائد تجاویز موصول ہوچکی ہیں۔کمیٹی نے ان تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے سب کمیٹی تشکیل دیدی سب کمیٹی کی منظوری کے بعد ان تجاویز کو قانونی شکل دی جائے گی،کمیٹی نے الیکشن کمشن سے آر اوز کیخلاف موصول ہونے والی شکایات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ اصلاحات کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں رکن کمیٹی حاجی عدیل نے الیکشن کمشنر سے کہا کہ صوبہ خیبر پی کے میں پرنٹنگ پریس کارپوریشن کیوں نہیں ہیں ہمارے صوبے کے انتخاب کیلئے بیلٹ پیپر لاہور سے کیوں پرنٹ کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت امیدواروں سے کلمہ اور آیات کیوں پوچھی جاتی ہیں امیدواروں سے آیات نہ پوچھی جائیں جب وہ لکھ کر دیتا ہے کہ میں مسلمان ہوں ۔ سیکرٹری الیکشن کمشن نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پارلیمنٹ کے بنائے گئے قانون کے مطابق الیکشن کمشن فارم نمبر 14ویب سائٹ پر جاری کرنے کا پابند نہیں۔ تین سال پہلے بھرتی کیلئے انتظامی اختیارات مانگے تھے پر اب تک الیکشن کمشن کو انتظامی معاملات پر اختیارات نہیں ملے انہوں نے کہا کہ 26 ہزار امیدواروں کی سات روز میں جانچ پڑتال کرنا ممکن نہیں تھا سکروٹنی کیلئے سات روز سے بڑھا کر پندرہ روز کرنے کی تجویز دی ہے سیکرٹری الیکشن کمشن نے کہا کہ انتخابات میں ہر جگہ پر بیلٹ پیپر پہنچایا گیا بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے اکیس دن کی بجائے تیس دن دیئے جائیں۔ رکن کمیٹی اعتزاز احسن نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی سے متعلق حکومت کیخلاف جلدوائٹ پیپر جاری کرونگا۔ سیکرٹری الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ انتخابات کا سارا ریکارڈ موجود اور محفوظ ہے۔ لاہور کے سکول میں جلنے والے ریکارڈ کا انتخابات سے تعلق نہیں تھا۔وقائع نگار خصوصی کے مطابق اجلاس میں ارکان نے  مئی2013ء کے عام  انتخابات کے حوالے سے  الیکشن کمیشن  کو آڑے ہاتھوں لیا اور  سوالات کی بوچھاڑ کرکے الیکشن کمشن  کے حکام کو پریشان کر دیا۔ انہوں نے  الیکشن کمشن  حکام سے پوچھا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے مرحلے پر آر اوز کو امیدواروں سے قرآنی آیات پوچھنے اور ان کی تذلیل کرنے کا اختیار کس نے دیا۔ پی ٹی آئی کے ارکان نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تاہم عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید نے اجلاس  میں شرکت کی۔ سنیٹر اعتزاز احسن نے الیکشن کمیشن کی ناقص کارکردگی  پر تنقید  اور کہا کہ این اے 124 لاہور کے 252 بیلٹ پیپرز کے بیگوں  کی سیل ٹوٹی ہوئی تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن