• news

عید کی چھٹیوں میں بھی انسداد ڈینگی پلان پر عملدرآمد کیا جائے: شہباز شریف ‘ عملے کے لئے خصوصی بونس کا اعلان

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی ریگولیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ آئوٹ ڈور کے ساتھ ان ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ تمام متعلقہ ادارے اور محکمے باہمی کوآرڈینیشن کے تحت کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران بھی انسداد ڈینگی پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے تعطیلات کے دوران فرائض سرانجام دینے انسداد ڈینگی عملے کو خصوصی بونس دینے کا اعلان کیا۔ وہ جمعہ کو انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران ویڈیو لنک کے ذریعے راولپنڈی کی انتظامیہ سے ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے دریافت کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں حکومت کی جانب سے کئے گئے موثر اقدامات کے باعث ڈینگی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کی آگاہی کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے اور لوگوں کو باور کرایا جائے کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز عزیز نہیں، انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انسداد ڈینگی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر عمارتوں کو سیل کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈینگی کے مریضوں کی ہسپتالوں میں بہترین نگہداشت کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے انٹامالوجسٹ کی ریگولر بھرتیوں کی بھی منظوری دی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے سینئر صحافی مظفر شیخ کے انتقال پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مزید براں انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین ممتاز کھوکھر کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مزید براں وزیراعلیٰ نے حافظ آباد کے علاقے میں ایک اخبار کے مقامی نمائندے ندیم حیدر کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن