• news

بجلی کی بندش جاری‘ اووربلنگ کیخلاف سنی اتحاد کونسل کا یوم احتجاج‘ لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے

لاہور+ گوجرانوالہ (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) بجلی کی بندش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر بجلی کی اووربلنگ کیخلاف گزشتہ روز یوم احتجاج منایا گیا اور لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ ادھر گوجرانوالہ اور گردونواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا شہر اور گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے شہر کے اکثر علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹوں کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور بعض علاقوں میں رات 4 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو رات جاگ کرگزارنی پڑتی ہے۔ علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل نے گزشتہ روز بجلی کے زائد بلوں کیخلاف یوم احتجاج منایا، ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کرائی گئیں جبکہ نماز جمعہ کے بعد اووربلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ علماء کرام مولانا محمد اکبر نقشبندی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مولانا محمد خالد حسن مجددی، قاری غلام سرور حیدری، قاری محمد اعظم چشتی، حافظ محمد یعقوب فریدی اور دیگر نے کہا کہ کرپشن، مہنگائی، بیروزگاری نے غریبوں کو زندہ درگور کردیا ہے۔ حکمرانوں کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ عوام کو بنیادی حقوق نہ دئیے تو جمہوریت کو نقصان ہوگا۔ بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور بلوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ علاوہ ازیں لاہور میں اچھرہ، ٹائون شپ، شادباغ اور سمن آباد میں مظاہرے کئے گئے۔ یومِ احتجاج کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب لوگ خون بیچ کر بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ بجلی کے زائد بلوں نے ہر گھر کا بجٹ درہم برہم کردیا ہے۔ مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنی نااہلی سے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بجلی کے زائد بل وصول کر کے لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔ طارق محبوب صدیقی نے بیت المصطفیٰ کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے ہوش ربا بلوں نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ ایک سال میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کرنیوالوں کے وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قوم کو ریلیف کی بجائے تکلیف دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق مسلسل 3-3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔

ای پیپر-دی نیشن