• news

سانحہ ماڈل ٹائون کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ کو نامکمل کہنا عدلیہ پر عدم اعتماد ہے: محمودالرشید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ کو نامکمل کہنا مجرمانہ سوچ، عدلیہ پر عدم اعتماد اور انصاف کا خون ہے، بربریت اور درندگی کے اس واقعہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی بجائے حکومت رکاوٹ بن رہی ہے، حکمران گو نواز گو کے نعروں پر عمران خان کو دھمکیاں دینے کی بجائے اپنے گریبانوں میں جھانکیں اور اپنے اعمال درست کریں،گزشتہ روز انہوں نے اپنے پبلک سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون ظلم اور بربریت کا بدترین واقعہ ہے جسے عوام کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔ پنجاب کے حکمران سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث نہیں تو پھر وہ ایف آئی آر کے اندراج سے لیکر جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کو چھپانے تک غیر قانونی ہتھکنڈے کیوں اختیار کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ کمشن کی رپورٹ کو نامکمل کہنا عدلیہ کی غیر جانبداری پر انگلی اٹھانے کے مترادف ہے حالانکہ کمشن خود وزیراعلیٰ پنجاب کی درخواست پر قائم ہوا تھا، میاں محمود الرشید نے کہا کہ رائیٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت پنجاب حکومت معلومات فراہم کرنے کی پابند ہے میں بھی ایک شہری کی حیثیت سے جوڈیشل کمشن کی مذکورہ رپورٹ کی کاپی حاصل کرنے کی درخواست دے رہا ہے اور اگر حکومت نے انکار کیا تو قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہوں انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں بہنے والا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ موجودہ حکمرانوں نے عوام پر ظلم کرنے ، صوبہ اور ملک کو برباد کرنے کے علاوہ اور کیا ہی کیا ہے جو عوام انہیں اچھے القابات سے یاد کریں۔

ای پیپر-دی نیشن