پشاور: پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی کا وزیراعلی کے خلاف احتجاج’’گو خٹک گو‘‘ کے نعرے، شوکاز نوٹس جاری
پشاور (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی خیبر پی کے جاوید نسیم نے اپنے ہی صوبے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ ایم پی اے جاوید نسیم نے ’’گو خٹک گو‘‘ کے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا ہمیں پرویز خٹک سے جان چھڑانی ہے۔ مردان اور بنوں کے وزراء اعلیٰ نے صرف اپنے مشیروں کو ترقی دی۔ انہوں نے کہا اگلا وزیراعلیٰ پشاور سے ہو گا۔ مجھے اپنی پارٹی بھی قبول نہیں کر رہی۔ ہم پرویز خٹک سے وزارت اعلیٰ چھین لیں گے۔ خان صاحب گھوڑے اور گدھے میں تمیز کریں۔ خان صاحب کے اردگرد موجود ٹولے کو بے نقاب کریں گے۔ مجھے یا میرے بچوں کو کچھ ہوا تو ذمہ دار آئی جی اور وزیراعلیٰ خیبرپی کے ہوں گے۔ پانچ کا ٹولہ حکومت پر قابض ہے۔ 15 اکتوبر کو دھرنا دوں گا۔ ایم پی ایز میرے ساتھ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپی کے کو ہٹانے تک دھرنا جاری رکھوں گا۔ جاوید نسیم نے مزید کہاکہ تحریک انصاف امیروں کا کلب بن چکی ہے، مجھ 5 مرلے کے گھر والے کو کوئی پارٹی میں قبول نہیں کر رہا۔ دریں اثناء تحریک انصاف نے ایم پی اے جاوید نسیم کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ یہ شوکاز نوٹس انہیں پارٹی کے خلاف بیان دینے پر جاری کیا گیا۔