• news

قومی کرکٹ ٹیم کیلئے ایک اور دھچکا‘ محمد حفیظ زخمی‘ آسٹریلیا کیخلاف سیریز سے آئوٹ‘ ٹی 20 مقابلہ آج ہو گا

لاہور+دبئی (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا واحد میچ آج دبئی میں کھیلا جائیگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہو گا۔ آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی زخمی ہو کر ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ وہ دو ہفتوں تک کھیل کے میدان سے باہر رہیں گے۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اوپنر سمیع اسلم اور لیفٹ آرم آف سپنر ذوالفقار بابر کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کی دبئی میں رونمائی کردی گئی۔ قومی ٹیم کے کپتان شاہدآفریدی کہتے ہیں ٹی ٹوئنٹی جیت کی قوم کو عید کا تحفہ دیں گے۔ٹی ٹوئنٹی سیریز کی چمچماتی ٹرافی کی رونمائی دبئی سپورٹس سٹی میں کی گئی جہاں دونوں ٹیموں کے کپتان خوشگوار موڈ میں دکھائی دیئے۔ کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ان کی ٹیم متوازن ہے اور فتح حاصل کرکے قوم کوعید کا تحفہ دیں گے۔سیریز میں حفیظ کی کمی محسوس ہوگی لیکن ان کی عدم دستیابی میں نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحتیں دکھانا کا سنہرا موقع ہے۔ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ حفیظ کی غیرموجودگی میں فائدہ ہوگا لیکن پاکستان ٹیم کو آسان نہیں لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن