• news

مودی کے دورہ امریکہ کیلئے سٹینڈ بائی طیارے سے ناکارہ بم برآمد، سکیورٹی جائزہ کیلئے رکھا گیا ڈمی گرنیڈ تھا: ذرائع

نئی دہلی (اے ایف پی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران ان کیلئے مختص کئے گئے ایمرجنسی سٹینڈ بائی طیارے میں ایک ناکارہ گرنیڈ ملا ہے۔ ائر انڈیا بوئنگ 747 کے عملے نے جمعہ کو جہاز کے بزنس کلاس کے حصے میں گرنیڈ دیکھا اور پرواز کے جدہ پہنچنے پر سکیورٹی عہدیداروں کو آگاہ کیا۔ ’’ائر انڈیا‘‘ کے ایک عہدیدار نے طیارے میں مشتبہ چیز ملنے کی تصدیق کی اور کہا کہ معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ مودی کے پانچ روزہ دورہ امریکہ کے دوران یہ طیارہ ان کے لئے ایمرجنسی سٹینڈ بائی کے طور پر تھا۔ اس وقت سے یہ طیارہ نئی دہلی کے ائر پورٹ پر کھڑا تھا اور جمعرات کو مودی کی واپسی کے بعد اسے جمعہ کو پہلی کمرشل پرواز کی اجازت دی گئی تھی۔ ائر انڈیا کے ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ گرنیڈ کا ایک پلاسٹک خول تھا۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے بتایا کہ ملنے والا بم دراصل سکیورٹی اقدامات کے دوران استعمال ہونے والا ڈمی بم تھا جسے عملے کی فعالیت کو جانچنے کیلئے طیارے میں رکھا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن