اسلام آباد سے انقلابیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت کے شہری انقلاب کو آتا دیکھنے سے محروم رہے لیکن اب انقلاب کو جاتا دیکھ رہے ہیں۔ عوامی تحریک کے دھرنے سے کارکنوں کا اپنے آبائی علاقوں کو لوٹنے کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ شرکاء اپنا سامان سروں پر اٹھائے واپس جاتے دکھائی دیئے، انکے چہروں پر تھکن کے آثار نمایاں تھے، اگرچہ شرکاء نے پچاس سے زائد دن کھلے آسمان تلے گزارے ، موسم کی سختیوں کا مقابلہ کیا لیکن واپس لوٹتے ہوئے انکی آنکھوں میں مایوسی تھی، وہ شروع شروع میں اپنے قائدین کی ڈیڈ لائنوں پر بہت پرجوش دکھائی دیتے تھے لیکن قائدین ڈیڈ لائنیں ہی دیتے رہے نہ حکومت نے کوئی ڈیڈ لائن مانی اور نہ ہی قائدین ڈیڈ لائن دینے سے باز آئے، دھرنا قائدین کی جانب سے ہر موقع پر ایک یو ٹرن لینے کی پالیسی سے دھرنے کے شرکاء بھی مایوس ہوگئے۔