• news

منتخب نمائندوں نے دانشمندی ، انصاف ، شرافت کا مظاہرہ کیا، مزاحمت کرنے والے بھی ان کی پاسداری کریں: نوازشریف

اسلام آباد (اے پی پی) صدر ممنون حسین نے عید الاضحی کے مبارک اور پُرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام اہل وطن کو اپنی حفاظت میں رکھے۔ ایثار و قربانی جیسے عظیم جذبے کی ضرورت تو ہمیشہ سے رہی ہے لیکن موجودہ دور میں اس کی اہمیت اور افادیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، آج وطن عزیز کو دہشت گردی، انتہا پسندی، کرپشن اور دیگر مسائل جس طرح درپیش ہیں اس کے سدباب کیلئے ہمیں ایثار و قربانی، اخوت و بھائی چارے، ہمدردی، رواداری اور پیار و محبت کے پرچار کی اشد ضرورت ہے، ہمیں ان بہن بھائیوں کو بھی ان کو خوشیوں میں شامل کرنے کی ہرممکن کوشش کرنی چاہئے، ہمیں ان خاندانوں خصوصاً مائوں، بہنوں، بچوں کو یاد رکھنا چاہئے جن کے افراد نے وطن عزیز اور ہمارے روشن مستقبل کے لئے جام شہادت نوش کیا۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مرضی کے مطابق غیر مشروط اطاعت وہ اعلی ترین جذبہ ہے جو اپنی نوعیت میں عالمگیر اور تناظر میں پائیدار ہے، انسان کو  اپنے خالق حقیقی سے عقیدت کے عزیز ترین جذبہ کو ظاہر کرنے کے موقع سے نوازا جانا بالکل منفرد ہے۔ مسلم اُمہ کو عیدالاضحی کے پُرمسرت موقع پر ایک بار پھر اللہ تعالیٰ کی اطاعت کے اس عزم کے اعادہ کا موقع مل رہا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری اور اطاعت میں ثابت قدم رہے گی، اس سے انہیں اپنے یقین کو مزید پختہ کرنے کا موقع ملے گا جس میں انسانی بقاء کیلئے برتر مقصد کی خاطر قربانی پر زور دیا گیا ہے۔ پاکستانی سیلاب کی ان تباہ کاریوں میں سے  گزر رہے ہیں جن کی اس سے قبل مثال نہیں ملتی، ان سیلابوں سے بڑے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی جس کے بعد متاثرین کیلئے ہمدردی اور قربانی کے جذبہ میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں میں تمام پاکستانیوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے عزم و حوصلہ کا تقاضا ہے کہ آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں ہم آپ کو زیادہ سے زیادہ مدد کی فراہمی کیلئے اپنی کوششیں تیز تر کر دیں۔ ہم نے بہادر مسلح افواج کی جانب سے انتہائی قابل تحسین آپریشن ضرب عضب کے ذریعہ پرتشدد شدت پسندی کے مذموم عفریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ہماری مسلح افواج کی طرف سے دکھائے گئے غیرمتزلزل عزم سے ان قربانیوں کا بھی پتہ چلتا ہے جو وہ ہماری آزادی، خوشحالی اور عزت و وقار کیلئے دے رہی ہیں۔ عوام شدت پسندی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی خاطر بے گھر ہو جانے والے افراد کی طرف سے دی جانے والی بے شمار قربانیوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں، میں ان کو درپیش مشکلات کم کر کے بہتری لانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی دوبارہ یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں۔ اس سال عیدالاضحی کا جذبہ ان پریشان عناصر کو واضح طورپر یاد دہانی کراتا ہے جو جمہوری قوتوں کو دی گئی قومی رضا مندی کی بالادستی سے پوری طرح واقف نہیں اور تحمل و برداشت کے جذبہ کے بالکل برخلاف نفرت کے بیج بو رہے ہیں، جمہوری منتخب نمائندوں نے دانشمندی، انصاف اور شرافت کا مظاہرہ کیا ہے جو اس بات کا متقاضی ہے کہ مزاحمت کرنے والے بھی ان تمام عوامل کی پاسداری کریں۔ میں اس اعتماد کا اظہار کرنے پر پوری قوم کا شکرگزار ہوں جو اس نے پاکستان کو خوشحال بنانے کے قومی ترقی کے ایجنڈے کو جاری رکھنے کیلئے مجھ پر کیا ہے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی عیدالاضحی پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم سب جوش و خروش سے عید الاضحی منا رہے ہیں، اس اہم موقع پر ہم تمام مقدس روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر اسوہ ابراہیمی ؑ کی اصل روح کو تازہ کریں تو موجودہ حالات میں حضرت اسماعیل ؑ کی اطاعت سے وہ روشنی حاصل کر سکتے ہیں جس کی شعاعوں سے اپنی اور اپنے معاشرے کی تمام تاریکیوں کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ ضرورت مندوں، غریبوں، بے گھر متاثرین کو خوشیوں میں یاد کرنا نہ بھولیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی عیدالاضحی کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن