کون کہاں عید منائے گا؟ ممنون حسین کراچی، نوازشریف جاتی عمرہ شہباز شریف، شجاعت، پرویز الٰہی سیلاب زدگان کیساتھ، زرداری، گیلانی لاہور میں عید منائینگے
لاہور+ اسلام آباد (خبرنگار+ آن لائن) وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف آج اپنی رہائشگاہ جاتی عمرہ میں اہلخانہ کے ساتھ عید منائیں گے اور سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کرینگے۔ سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، بلاول ہائوس لاہور میں عید منائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی الگ الگ مقامات پر سیلاب زدگان کے ساتھ عید منائیں گے اور نماز عید ادا کرینگے۔ صدر مملکت ممنون حسین کراچی میں عید منائیں گے۔ آن لائن کے مطابق وفاقی اور صوبائی وزرا کی اکثریت اپنے آبائی علاقوں میں عیدالاضحی منائیگی، بیشتر سیاسی شخصیات اپنی عید شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز اور سیلاب متاثرین کے ساتھ جبکہ ہزاروں قیدی جیلوں میں عید الاضحی منائیں گے۔ خورشید شاہ سکھر میں جبکہ ممتاز بھٹو لاڑکانہ میں عید منائیں گے۔ تحریک انصاف کے قائد عمران خان بنی گالہ اور دھرنے میں، عوامی تحریک کے رہنما طاہر القادری شاہراہ دستور پر دھرنے میں منائیں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور لاہور میں، وزیر ریلوے سعد رفیق لاہور، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال پھولنگر میں عیدالاضحی منائیں گے۔ سابق صدر پرویز مشرف کراچی اور سابق وزیر اعظم پرویز اشرف اپنے آبائی شہر گوجر خان میںعید نماز ادا کریں گے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بلاول ہائوس کراچی میں سانحہ کارساز کے شہداء کے اہلخانہ کے ہمراہ عید الاضحی منائیں گے۔ جاوید ہاشمی، شاہ محمود قریشی عید الاضحی آبائی شہر ملتان میں منائیں گے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے رہبر پیر پگاڑا پیر جوگوٹھ خیر پور، (ق) لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین گجرات میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد سیلاب زدگان کے ہمراہ قربانی کا فریضہ ادا کریں گے۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اپنے آبائی علاقہ دیر میں عید الاضحی منائیں گے، جماعت الدعوۃ کے رہنما پروفیسر حافظ محمد سعید مریدکے لاہور میں منائیں گے۔