کارکن شاہراہ دستور کو شاہراہ باربی کیو بنا دیں: طاہر القادری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ نماز عید ڈی چوک پر ہو گی، میں پڑھاؤں گا، شاہراہ دستور پر عید منانا انوکھی بات ہو گی۔ لوگوں کو گھر بھیجتا ہوں لیکن اجتماع بڑھتا جا رہا ہے۔ دھرنے سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی ٹیم بازار گئی۔ خواتین اور بچوں کیلئے سوٹ خریدے، عید پر سیلاب متاثرین کو بھی یاد رکھا جائے۔ کارکن شاہراہ دستور کو شاہراہ باربی کیو بنا دیں۔ طاہر القادری نے پولیس اہلکاروں کو دعوت دی عید یہیں پڑھیں اور کھانا بھی کھائیں۔ انہوں نے کہا زندگی میں کبھی اونٹ کا گوشت نہیں کھایا، آج کھائوں گا۔ قربانی کے جانور راولپنڈی کے ڈھوک کالہ خان میں ذبح ہونگے، کچھ جانور دھرنے میں ذبح ہونگے۔ دھرنے میں تکہ بوٹی اور کلیجی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کسی زمانے میں چکی والے دنبے ہوا کرتے تھے اب چکی والے دنبے سیاست میں آ گئے ہیں۔ سیلاب زدگان اور آئی ڈی پیز کو تین روز تک قربانی کا گوشت فراہم کرینگے۔ عوامی تحریک اقتدار میں آئی تو مختصر عرصے میں غربت ختم کر دے گی۔ این این آئی کے مطابق طاہر القادری نے عید کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے مواخات کے عظیم رویوں کو زندہ کرنا ہو گا تا کہ محروم طبقات حقیقی خوشی سے مستفید ہو سکیں۔ عیدالاضحی معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقے کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتی ہے۔ نفسانی خواہشات کے خلاف بند باندھنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے اس عمل سے فلاحی رویے پھوٹتے ہیں اور معاشرے سے انتہا پسندانہ منفی رجحانات کے خاتمے میں مدد ملتی ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے انتشار و افتراق سے تائب ہو کر امت مسلمہ جسد واحد بن جائے تاکہ وہ کھویا ہوا عروج دوبارہ پا سکے۔