• news

عوام عمران خان کو انکے جھوٹ کی وجہ سے چھوڑتے جا رہے ہیں: زعیم قادری

لاہور (خبر نگار) پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے آئی ڈی پیز کے بعد سیلاب متاثرین کو بھی حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ کاش! پی ٹی آئی والے دھرنوں اور میوزیکل شوز پر اربوں روپے خرچ کرنے کی بجائے سیلاب متاثرین کی مدد کرتے تو دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوتے۔ عمران خان کا چور دروازے سے اقتدار میں آنے کا خواب چکناچور ہو گیا ہے اور عوام اب ان کے جھوٹ کی وجہ سے انہیں چھوڑتے جا رہے ہیں۔ میاں محمود الرشید کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے آئی ڈی پیز کو تنہا چھوڑ کر دھرنوں میں ناچ گانوں میں مصروف ہیں۔ یہی وجہ ہی کہ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نے اپنے ہی صوبے کے وزیراعلیٰ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی اور ”گو خٹک گو“ کے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سیلاب متاثرین کی خدمت میں رات دن کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور حکومت پنجاب نے 3روز میں متاثرین میں ایک ارب 5 کروڑ روپے کی خطیر رقم تقسیم کی ہے اور ان کی مکمل بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
زعیم قادری

ای پیپر-دی نیشن