• news

عید کی خوشیوں میں سیلاب متاثرین آئی ڈی پیز کشمیر و فلسطین کے مظلوموں کو یاد رکھا جائے : سیاسی و مذہبی رہنما

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار) دینی وسیاسی رہنماﺅں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحی کا دن جذبہ ایثار قربانی کا درس دیتا ہے۔ مسلمان عید کی خوشیوں میں سیلاب متاثرین، آئی ڈی پیز، کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو یاد رکھا جائے۔امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے عید الاضحی مسلمانوں کو ایثار و قربانی کا درس دیتی ہے۔ مصائب و مشکلات میں گھرے متاثرہ بھائیوں، غرباءو مساکین، کشمیری مہاجرین، ورثاءشہداءاور مستحقین کو عید الاضحی کی خوشیوں میں شریک کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ مخیر حضرات کو چاہئے کہ وہ بڑھ چڑھ کر متاثرین کی مدد کا فریضہ سرانجام دیں۔ عید قربان کے حوالہ سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا سیلاب سے متاثرہ لاکھوں متاثرین آج ان حالات میں عید کے ایام گزار رہے ہیں۔ ہمیں اپنے گھروں میں قربانیاں کرتے وقت ان متاثرہ بھائیوں کا بھی خیال رکھنا چاہئے اور انکے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعاون کر کے اور قربانی کا گوشت پہنچا کر انہیں عیدکی خوشیوں میں شریک کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی بقا، سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے ،ہمیں وہ عہد و پیمان پورا کرنے کیلئے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے اللہ عزوجل سے باندھا تھا۔ جماعت اسلامی 21 تا 23 نومبر مینار پاکستان سے ایک بار پھر تحریک پاکستان کے جذبہ کے ساتھ تکمیل پاکستان کی تحریک کا آغاز کریگی۔ میں قوم کو دعوت دیتا ہوں کہ پاکستان کے حصول حقیقی مقاصد حاصل کرنے کیلئے اس تحریک میں شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور آزاد کشمیر میں حالیہ شدید بارشوں اور بدترین سیلاب نے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں اور مال مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں۔ ان حالات میں ضروری ہے کہ قوم عید کی خوشیوں میں اپنے آئی ڈی پیز اور سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کو یاد رکھیں اور انہیں بھی عید کی خوشیوں میںشامل کیا جائے۔ کشمیر، فلسطین ، برما سمیت مقبوضہ مسلم علاقوں کے مسلمان سالہا سال سے اپنی آزادی کیلئے تاریخ کی ناقابل فراموش قربانیاں دے رہے ہیں انہیں یاد رکھا جائے۔ ملک میں موجود غریب ولاچار لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں یاد رکھا جائے۔ جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عید قر بان ایثار اور قر بانی کا درس دیتی ہے، ہمیں اللہ کے حکم پر بڑی سے بڑی قر بانی دینے کا عہد کر نا چاہئے۔ اس موقع معاشرے کے غرباءکا خاص خیال رکھنا چاہیے، اپنی خوشیوں میں انہیں شریک کر نا چاہئے۔ وہ پارٹی رہنماﺅں مو لا نا عبد الغفور حیدری، حافظ حسین احمد، مو لا نا محمد امجد خان سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عید کے موقع پر آئی ڈی پیز اور سیلاب زدگان کو یاد رکھیں اور اپنی خوشیوں میں ان کو شریک کریں۔ دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام (س) پاکستان کے مرکزی امیر مولانا سمیع الحق نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحی کا دن جذبہ، ایثار قربانی کا درس دیتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ سنت ابراہیمی کو اپناتے ہوئے ساری زندگی توحید ختم نبوت اور اسلام کی سربلندی کیلئے وقف کر دیں، عالم کفر کیخلاف ہر سطح پر جہاد کرنا چاہئے۔ اس مرتبہ پوری قوم عیدالاضحی انتہائی سادگی کیساتھ منائے ۔ اس وقت سیلاب زدگان اور وزیرستان اور قبائلی علاقوں سے ہجرت کرنیوالے آئی ڈی پیز کھلے آسمان تلے بے سہارا پڑے ہوئے ہیں۔ ہم سب کو ان مظلوم بے سہارا افراد کو اس خوشی کے موقع پر بھولنا نہیں چاہیے بلکہ انکی مدد کی جائے۔

مذہبی و سیاسی رہنما

ای پیپر-دی نیشن