حافظ آباد: نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے صحافی یعقوب شہزاد کو قتل کر دیا وزیراعلیٰ کا نوٹس، رپورٹ طلب
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ڈسٹرکٹ پریس کلب حافظ آباد کے چیئرمین اور صحافی یعقوب شہزاد امر کو قتل کر دیا۔ مقتول چار بچوں کا باپ تھا۔ چیئرمین پریس کلب یعقوب شہزاد امرگوجرانوالہ روڈ پر مقامی صحافی کے دفتر میں بیٹھا ہوا تھا نامعلوم افراد نے آ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے یعقوب شہزاد موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ مرحوم یعقوب شہزاد کے گھر چند ماہ قبل بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی لیکن وہ بال بال بچ گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او محمد زبیر دریشک موقع پر پہنچ گئے۔ یعقوب شہزاد عرصہ 12 سال سے شعبہ صحافت سے منسلک تھے۔ مقتول کا تعلق نجی ٹی وی چینل سے تھا۔ یعقوب شہزاد امر کے قتل کے خلاف ضلع بھر کے صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور جلوس نکالا اور فوارہ چوک میں دھرنا دیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے اور وہ پولیس اور ملزمان کے خلاف شدید نعرہ بازی کر رہے تھے۔ مظاہرے میں شریک صحافیوں نے مطالبہ کیا جب تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاتا اس وقت تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں یعقوب شہزاد کے بہیمانہ قتل پر وزیراعلیٰ شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او اور ڈی پی او حافظ آباد سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قاتلوں کو جلد از جلدگرفتار کیا جائے۔ جلالپوربھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق یعقوب شہزاد کی نمازہ جنازہ سے قبل ضلع بھر کے صحافیوں نے ریلوے پھاٹک بند کر کے ریلوے لائن پر دھرنا دیا اور گوجرانوالہ سرگودھا روڈکئی گھنٹے تک بلاک رہی۔
صحافی قتل