• news

ڈرون حملے خودمختاری کے خلاف ہیں‘ نوازشریف بھارت میں بزنس انٹرسٹ کی وجہ سے جارحیت پر خاموش ہیں: عمران

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ مشرقی سرحد پر بھارتی فوج کی بمباری اور مغربی سرحد پر امریکی ڈرون حملوں پر وزیر اعظم نواز شریف خاموش کیوں ہیں میں ان حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ بھارتی فوج کی جانب سے ہماری شہری آبادی پر گولہ باری انتہائی اشتعال انگیز ہے۔ ڈی چوک سے جاری اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ حکومت پاکستان کی سرحدیں محفوظ بنانے کیلئے بھی یکسر ناکام ہوچکی ہے۔ مشرقی سرحد پر بھارت جبکہ مغربی سرحد پر امریکہ مسلسل حملہ آور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھارتی فوج کے ان حملوں کے خلاف آواز بھارت کی قیادت سے اعلیٰ ترین سطح پر اٹھائے ہم پاکستان کی حدود میں بھارتی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان بھارت سرحد پر اشتعال انگیز بھارتی کارروائیاں خطے کی سلامتی اور عالمی امن کیلئے بھی خطرناک ہیں۔ امریکی حملے بھی عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی  اور پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کھلا حملہ ہے۔ قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملے وہاں جاری پاکستانی فوج کی عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کیلئے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ ذوالحجہ کے مبارک مہینے میں امریکہ کا مسلمانوں پر حملے کرنا انتہائی شرمناک ہے اس وقت پوری دنیا میں ڈرون حملوں کی وجہ سے امریکہ کے خلاف نفرت پائی جاتی ہے موجودہ حکومت پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ قبل ازیں عید اور دوسرے دن دھرنے سے خطاب میں عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اگلی عید نئے پاکستان میں منائیں گے۔ آئی ڈی پیز جلد گھر جائیں گے۔  عمران کا کہنا تھا کہ دھرنے کی وجہ سے گھر گھر میں انقلاب آ گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے باہر آج تک اتنا بڑا مظاہرہ نہیں ہوا جتنا نواز شریف کی جنرل اسمبلی آمد کے موقع پر کیا گیا لیکن آج زرداری اور شریفوں کی نہیں نئے پاکستان کی بات کروں گا نئے پاکستان میں ظالم کے سامنے نہیں جھکیں گے اس کا مقابلہ کریں گے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ڈرون حملوں میں مسلمانوں کا قتل عام انتہائی شرمناک ہے۔ یہ حملے دراصل پاکستان کی خودمختاری پر کئے گئے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف بھارت میں بزنس انٹرسٹ کی وجہ سے جارحیت پر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا وہ خود بیان جاری کریں سرتاج عزیز کو نہ آگے کریں خود بیان دیں، نئے پاکستان میں انسانوں کو حقوق ملیں گے اور نئے پاکستان کی بنیاد انصاف پر ہو گی۔ عمرا خان نے اسلام آباد آزادی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں انسانوں کے حقوق کو تحفظ ملے گا، بچوں میں سیاسی شعور آ گیا ہے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ لاہور میں کیا، میانوالی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ 3دن کے نوٹس پر کیا۔ ملتان کے جلسے میں تمام ریکارڈ ٹوٹنے والے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن