انگل الطاف اپنے نامعلوم افراد سنبھالیں‘ میرے کارکنوں پر آنچ آئی تو جینا حرام کر دونگا: بلاول
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انکل الطاف آپ اپنے نامعلوم افراد کو سنبھالیں، اگر میرے کارکنوں پر ایک آنچ بھی آئی تو لندن پولیس کیا میں آپ کا جینا حرام کردوں گا۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے جانیں دی ہیں۔ نواز شریف نے جلاوطنی کاٹی ہوگی لیکن شیر تو کیا بلی کا بچہ بھی قربان نہیں کیا۔ عمران خان بتائیں سیڑھی سے گرنا کیا قربانی کہلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ انہیں سیاست میں نہیں دیکھنا چاہتے لیکن وہ اٹھارہ اکتوبر کو ہر حال میں مزار قائد پر بے نظیر کا مشن مکمل کرنے کے لئے جائیں گے۔ بلاول ہائوس کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے شریف برادران، الطاف حسین، پرویز مشرف اور عمران خان پر سخت تنقید کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے نماز عید اٹھارہ اکتوبر کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ بلاول ہائوس کراچی میں ادا کی۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب میں انہوں نے ایک ایک کرکے لگ بھگ تمام سیاسی قائدین کو آڑے ہاتھوں لیا۔ شریف برادران کو چھوڑا، نہ دھرنا قائدین کو بخشا، متحدہ کو للکارنا بھی نہیں بھولے۔ پرویز مشرف کو بھی لتاڑا اور چودھری نثار کو بھی کھری کھری سنائیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے نام پر انہیں جلسے سے روکنے والے سن لیں کہ وہ اٹھارہ اکتوبر کو ہر حال میں مزار قائد پر جائیں گے۔ بلاول بھٹو نے متحدہ کے قائد الطاف حسین کو مخاطب تو انکل کہہ کر کیا مگر انہیں پیغام سخت دیا۔ نواز شریف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہوں نے تو آج تک جمہوریت کے لئے ٹھوس قربانی نہیں دی۔ بلاول بھٹو نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سات دن کی جیل کاٹ کر قربانی کا دعویٰ کرنا انگلی کٹا کر شہیدوں میں نام لکھوانے جیسا ہے۔ بلاول بھٹو نے عمران خان سے کہا کہ انہیں سیاست سیکھنی ہے تو بھٹو سے سیکھیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دہشت گردوں کو پنجاب سے سندھ نہ بھیجیں۔ وزیر داخلہ چودھری نثار کو ڈی فیکٹو وزیراعظم قرار دیتے ہوئے بلاول نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ خود کو وزیراعظم سمجھنا چھوڑ دیں۔ بلاول بھٹو نے خاندانی سیاست کا الزام لگانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاندانی سیاست کرتے رہیں گے کیونکہ پیپلز پارٹی خود ایک پورا خاندان ہے، اگلا وزیراعظم اسی خاندان سے ہوگا۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کا مشہور جملہ بھی دہرایا۔ بلاول بھٹو زرداری نے عیدالاضحی کے موقع پر بلاول ہائوس میں شہدائے 18 اکتوبر کے ورثا سے ملاقات کی۔ وہ شہدائے 18 اکتوبر کے ورثا میں گھل مل گئے۔ بچوں کو پیار کیا، ان سے شفقت سے پیش آئے۔ شہدا کی بیوائوں، بیٹیوں، بزرگوں اور دیگر اہل خانہ کو تسلی دی، ان سے بات چیت کی۔بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں اپنی والدہ بے نظیر بھٹو‘ نانا ذوالفقار علی بھٹو، نانی بیگم نصرت بھٹو اور خاندان کے دیگر افراد کی قبروں پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھاکر فاتحہ خوانی کی۔ بلاول بھٹو کی گڑھی خدا بخش آمد سے پہلے ہی شہدا کے مزار کو 2 گھنٹے پہلے عام لوگوں کیلئے بند کر دیا گیا۔ نوڈیرو اور گڑھی خدا بخش کے داخلی و خارجی راستے عام ٹریفک کیلئے بند کر دئیے گئے تھے۔ بلاول بھٹو نے لاڑکانہ ڈویژن کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں اور 18 اکتوبر کو ہونے والے کراچی کے جلسے میں زیادہ سے زیادہ عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔