• news

2005ء کے زلزلے کی 9 ویں برسی، یادگار شہداء پر دعائیہ تقریب

اسلام آباد /مظفر آباد/ ایبٹ آباد (آئی این پی) پاکستان اور آزاد کشمیر میں 9سال قبل 8اکتوبر کو آنے والے تباہ کن زلزلے کو بدھ کو 9سال ہوگئے‘ اس زلزلے میں مجموعی طور پر 80ہزار  سے زائد افراد جاں بحق ہوئے اور لاکھوں اپنے گھروں  سے محروم ہوگئے تھے۔  عید الاضحی کے موقع پر اس تباہ کن زلزلہ کی نویں برسی نے متاثرین کے دکھوں میں اضافہ کردیا۔ زلزلہ سے آزاد کشمیر میں مظفر آباد‘ باغ سمیت کئی علاقے جبکہ اسلام آباد  اور ہزارہ ڈویژن بری طرح سے متاثر ہوا تھا۔  ہزاروں متاثرین ابھی تک امداد سے محروم ہیں۔ بین الاقوامی برادری کی طرف سے ملنے والی اربوں ڈالر کی امداد کے باوجود زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی آباد کاری کے سینکڑوں منصوبے  ابھی تک مکمل نہیں ہوسکے۔  نویں برسی کے موقع پر آزاد کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں  جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں کئی تقاریب  منعقد ہوئیں جبکہ  مظفر آباد کی یادگارِ شہدا پر دعائیہ تقریب منعقد کی گئی ‘ واک کا انعقاد کیا گیا‘ سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ مظفرآبادمیں 8اکتوبر 2005 کے زلزلے کو9سال مکمل ہونے پرتقریب منعقد کی گئی۔ جس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خضر حیات گوندل اور وزیر خزانہ آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے یاد گار شہدا زلزلہ پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ 8 بج کر 52 منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔زلزلے میں جاں بحق افرادکے ایصال ثواب کیلئے دعاکی گئی، عید الاضحی کی وجہ سے آزاد کشمیر کے صدر یار وزیر اعظم سمیت کسی بھی سیاسی پارٹی کی اعلی قیادت میں اس اہم تقریب میں شرکت نہیں کی گئی۔ دوسری طرف تعمیر نو کے عمل میں بے قاعدگیوں اور تساہل کے خلاف متاثرین  زلزلہ نے اپر اڈہ کے مقام پر احتجاجی دھرنا بھی دے رکھا ہے انکا مطالبہ ہے کہ مظفر آباد شہر کی تعمیر نو کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے تین ارب روپے کا حصہ فراہم نہ کرنے کی وجہ سے چینی حکومت نے 12 ارب روک لئے ہیں جس کی بنا پر شہر کی تعمیر نو کا کام روک گیا ہے حکومت پاکستان اس معاملے کو حل کرے۔ قائم مقام صدر آزاد کشمیر  سردار غلام صادق خان  نے شہداء زلزلہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا 2005ء کے تباہ کن زلزلہ سے بے پناہ قیمتی جانی و مالی  نقصان  ہوا  دکھ کے ان لمحات میں پاکستان کی عوام‘ حکومت اور عالمی برادری کا عظیم  کردار رہا ہے انہوں نے بروقت امداد کرکے انسانیت کے وقار کے لئے کام کیا ہے جس پر آج بھی آزاد کشمیر کے عوام اور حکومت ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی مقبوضہ کشمیر  کے عوام سیلاب کی تباہی اور بھارتی افواج کی جارحیت کے باعث بے یارو مدد گار ہیں جن کی  فوری امداد کی جانی چاہئے سردار غلام صادق نے شہداء زلزلہ کے بلندی درجات کی خصوصی دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن