ملکی ترقی روکنے والے ناکام ہونگے‘ متاثرین سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑینگے: نوازشریف
لاہور+ نارووال (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو خوشحالی کی منزل تک پہنچانا اور عوام کو خوشحال بنانا مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے، نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے ایک سال میں جو کوششیں کیں دھرنے والوں نے انہیں ملیامیٹ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ قومی ترقی کے لئے ہمارا مشن جاری ہے اور انشاء اللہ کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ سیلاب زدگان کومشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے وہ گزشتہ روز جاتی عمرہ رائے ونڈ میں اپنی رہائش گاہ پر آنے والوں اور نارووال میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ عید منانے کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ ضرب عضب میں بے گھر ہونے والوں کی قربانی سے قوم آگاہ ہے ہم ان کی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لئے وزیراعلی کی کوششوں کو سراہا۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے دن رات محنت کرکے ہم وسائل پیدا کریں گے اور انشاء اللہ توانائی کا بحران اپنے دور حکومت میں ختم کرینگے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کچھ لوگ پاکستان کو ترقی کی راہ سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے جمہوری قوتوں کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے دانشمندی اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ نارووال میں سیلاب متاثرین سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی کا عزم کررکھا ہے، نقصانات کے ازالہ کیلئے تمام وسائل استعمال میں لائے جائیںگے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے کہ آئندہ سیلاب سے ایسے نقصانات نہ ہوں۔ سیلاب سے بچائو اور ان کی روک تھام کیلئے بڑے وسائل کی ضرورت ہے چونکہ حکومت غربت کے خاتمے اور عوام کی خدمت کیلئے اپنی کوششوں میں سنجیدہ ہے اس لئے مجھے پورا یقین ہے کہ تمام مسائل حل ہوںگے اور حکومت ان کی بحالی کیلئے تمام وسائل استعمال میں لائے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ انہیں سیلاب زدگان کے ساتھ عید کا دن گزارنے پر خوشی ہوئی ہے جنہوں نے اپنے دیہات میں 5 فٹ اونچے پانی کا سامنا کیا۔ میں نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا ذاتی طورپر جائزہ لینے کیلئے ان علاقوں کا دورہ کرنا چاہتا ہوں اور یہ بھی معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ کیا لوگ امدادی کاموں سے مطمئن ہیں۔ حکومت نے متاثرین کی مکمل بحالی کا تہیہ کر رکھا ہے جن کے گھروں کو نقصان پہنچا۔ ایسے عناصر جو پاکستان میں ترقی اور خوشحالی روکنا چاہتے ہیں انہیں اپنے عزائم میں ناکامی ہوگی اور انہیں یہ احساس ہوجائے گا کہ وہ جو غلط کام کررہے تھے اس سے غربت کے خاتمے کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم نے عید کا پہلا دن بدوملہی قصبہ کے گائوں موضع تھلی ملہیاں میں گزارا۔ وزیراعظم سیلاب متاثرین کے ساتھ زمین پر بیٹھ گئے۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے والے پاکستان کی ترقی کا راستہ روک رہے ہیں اور یہ لوگ پاکستان کی ترقی کے پہیہ کو آگے نہیں چلنا دینا چاہتے، دھرنے والو اس سے آپکو زیادہ ووٹ نہیں پڑنے والے بلکہ آپ کو پہلے سے کم ووٹ ملیں گے، یہ لوگ غریبوں کی خوشحالی اور غربت کم کرنے کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں، دھرنے والے جتنی رکاوٹیں پیدا کرینگے ہم اپنے کام کو جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی خطاب کیا۔ ایم این اے دانیال عزیز، ممبران صوبائی اسمبلی خواجہ محمد وسیم بٹ، رانا منان احمد خان، مولانا غیاث الدین کے علاوہ صوبائی وزیر فرخ جاوید، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ شمائل احمد خواجہ، ڈی سی او سید نجف اقبال، ڈی پی او انعام وحید و دیگر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے 7 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک قادر پور گیس فیلڈ مرمت کے باعث گیس کی بندش کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے ہیں کہ گیس سپلائی بحالی کو جلد از جلد ممکن بنایا جائے۔