تصدیق کئے بغیر تحریک انصاف کے استعفے منظور نہیں کرونگا:رانا اقبال
میانوالی(نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی و قائم مقام گورنر پنجاب رانا اقبال نے میانوالی کا دورہ کیا اور سابق ایم اے انعام اللہ نیازی کی رہائش گاہ پر ان کے بھائی مرحوم ایم پی اے نجیب اللہ نیازی کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور بلندی ٔ درجات کے لئے دعا کی ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نجیب اللہ خان مرحوم میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح تھے۔ میری ہر بات بڑے غور سے سنتے اور مانتے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے استعفیٰ پیش کرنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے کسی کے ذریعے اپنے استعفے بھجوائے ہیں جن کی میں تحقیق کر رہا ہوں اور انہیں نوٹس جاری کئے ہیں جن کے جواب موصول ہونے پر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔میں قانون کی پاسداری کرنے والا شخص ہوں اور قانون کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس بات کی تصدیق کر رہا ہوں کہ ان اراکین سے زبردستی استعفے تو نہیں دلوائے گئے اگر زبردستی دلوائے گئے ہیں تو منظور نہیں کروں گا۔ اس بات کی تصدیق کے لئے ارکان اسمبلی کو اپنے پاس آنے کی دعوت بھی دی ہے۔