• news

8خودکشیاں: عید الاضحی پر فیصل آباد میں 2 خواتین سمیت 5 افراد نے زندگی ختم کرلی

فیصل آباد + پھالیہ + بہاولپور+ قصور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) گھریلو جھگڑے، تنگدستی کے ستائے 4 خواتین،طالب علم سمیت  8افراد نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں عید کے تین دنوں میں گھریلو جھگڑے، تنگدستی پر دو خواتین سمیت پانچ افراد نے زہر کھا کر موت کو گلے لگا لیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے خودکشی کرنے والوں کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہیں۔ چک نمبر241 ر۔ب کے ظفر اقبال کی اہلیہ مسرت بی بی نے خاوند سے جھگڑ کر خودکشی کر لی۔ رشید آباد گلی نمبر 5 کی فرزانہ بی بی نے گھریلو جھگڑے پر زہریلی گولیاں نگل کر موت کو گلے لگا لیا۔ تاندلیانوالہ کے نواحی علاقے چک نمبر 415گ۔ب کے 16سالہ عباس نے نئے کپڑے نہ ملنے پر زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ سدھوپورہ کے 32 سالہ باغ علی نے تنگدستی سے دلبرداشتہ ہو کر زندگی سے منہ موڑ لیا جبکہ 426گ۔ب کے رہائشی محمد اسلم کے 21 سالہ بیٹے محمد عامر نے والدین سے جھگڑے کے بعد زہر کھا کر ہمیشہ کے لئے ابدی نیند سو گیا۔ پھالیہ میں نویں جماعت کے طالب علم  نے گھریلو ناچاقی پر نہر آر کیو لنک میں  چھلانگ لگا کرزندگی ختم کرلی۔ تھانہ پھالیہ کے علاقہ کوٹلی قاضی کے شہزاد ولد محمد نے گھریلو ناچاقی سے تنگ آ کر ہیلاں کے قریب  پل نہر آر کیو لنک سے نہر میں  کود گیا۔ بہاولپور میں وہاڑی چک نمبر 557کی 32 سالہ سمیرا بی بی زوجہ شہباز جس نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لی تھیں بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال لایا گیا تھا لیکن وہ دم توڑ گئی۔ قصور میں چونیاں کے نواح شمس پورہ میں شادی شدہ خاتون نے خاوند کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی سپرے پی کر  زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ متوفیہ کے والد فقیر حسین نے پولیس کو بتایا اس کی بیٹی اللہ معافی کی شادی محمد اشرف سے ہوئی تھی اور دونوں میاں بیوی کے مابین اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا وقوعہ سے 5 روز قبل وہ روٹھ کر میکے آ ئی ہوئی تھی اس دوران اس نے گھر میں پڑا ہوا سپرے پی لیا وہ جانبر نہ ہو سکی۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کرکے نعش ورثاء کے حوالے کر دی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن