معمولی تلخ کلامی پر ریلوے پولیس کے اہلکاروں نے تشدد کر کے مسافر کو ہلاک کر دیا
لاہور (سٹاف رپورٹر) ریلوے پولیس نے معمولی تلخ کلامی پر دوران سفر تشدد کرکے ٹرین مسافر کو ہلاک کر دیا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے انسپکٹرجنرل ریلوے پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے سلیم نامی مسافر مہر ایکسپریس کے ذریعے ملتان سے راولپنڈی جا رہا تھا دوران سفر ریلوے پولیس ملازمین عبدالطیف سب انسپکٹر، لیاقت علی ہیڈکانسٹیبل، وسیم عباس کانسٹیبل، محمد رفیق کانسٹیبل، عبدالرشید کانسٹیبل، امیر حمزہ کانسٹیبل، ناصر مسیح کانسٹیبل اور امیر عمر کانسٹیبل نے مسافر سلیم سے راستہ مانگا اور سیٹ پر بیٹھنے پر تلخ کلامی ہوئی جس پر پولیس اہلکاروں نے مسافر سلیم کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے شدید زخمی کر دیا جس سے مسافر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ مسافر کے بھائی نسیم اختر کی مدعیت میں تھانہ ریلوے راولپنڈی میں مقدمہ نمبر 84 درج کر کے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری طرف ریلوے پولیس کے ترجمان کے مطابق مسافر کو تکرار کے دوران دل کا دورہ پڑا۔