عید کے بعد لاہور کی رونقیں بحال ہونا شروع، میٹرو بسوں پر گذشتہ روز 2 لاکھ سے زائد افراد نے سفر کیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) عید کی چھٹیوں کے بعد لاہور کی رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں جبکہ عید کے دنوں میں سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی۔ گذشتہ روز میٹرو بسوں پر مسافروں کا ریکارڈ رش دیکھنے میں آیا اور 2 لاکھ سے زائد افراد نے سفر کیا۔ میٹرو بس کے روٹ پر واقع 27 سٹیشنز پر ٹکٹ لینے والے مسافروں کی رات گئے تک لمبی قطاریں لگی رہیں جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہدرہ سے گجومتہ جانے والے مسافر اکرم نے بتایا کہ اس نے 40 منٹ تک قطار میں کھڑے ہونے کے بعد ٹکٹ حاصل کیا جبکہ شاہدرہ سے گجومتہ کا سفر ایک گھنٹہ 5 منٹ کا ہے۔ رش کے باعث مسافروں میں لڑائی جھگڑا بھی ہوا، مسافروں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹکٹ گھروں میں اضافہ کیا جائے خاص طور پر شاہدرہ سٹیشن، نیازی چوک، بھاٹی چوک، قینچی اور گجومتہ کے میٹرو سٹیشنز پر سب سے زیادہ رش ہوتا ہے۔ ان جگہوں پر ٹکٹ گھروں میں اضافہ اشد ضروری ہے، تاکہ لوگوں کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچ جائے۔