سیاسی منشور تیار کر رہے ہیں، کرپشن کا خاتمہ اہم نکتہ ہو گا: طاہر القادری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ میں اور میرے پارٹی کارکن سیاسی منشور تیار کر رہے ہیں، اہم نکتہ کرپشن کا خاتمہ ہو گا، جب سے کاروبار کرنے والے سیاست میں آئے ہیں سارا نظام کرپٹ ہو گیا ہے، دھرنے سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ حکمران میرٹ پر سرکاری نوکریاں نہیں دیتے، لاکھوں کی تنخواہ پر سفارشی لوگوں کو بٹھا دیتے ہیں، عوام کو سوال پوچھنے کا حق ہے کہ سرکاری ملازم کا میرٹ کیا ہے، پاکستان میں ڈاکٹروں اور انجینئرز کو بھی ڈھائی لاکھ تنخواہ نہیں ملتی، پاکستان کے ادارے خسارے میں جا رہے ہیں، حکومت کا پورا نظام کرپٹ ہے، ہمیں کرپشن کی جڑوں کو کاٹنا ہے، کرپشن کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے سب کو ساتھ بیٹھنا ہو گا، ہماری جدوجہد کا اگلا پڑائو فیصل آباد میں ہو گا، وہیں اپنی جماعت کا منشور بتائوں گا، اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہماری انقلابی جدوجہد جاری رہے گی اور سیاسی بھی۔ ملک کے ستونوں میں سے کرپشن بھی ایک ستون بن چکا ہے، سب نے کرپشن کو تسلیم کیا، کرپشن اب پاکستان کے سیاسی کلچر کا حصہ ہے، تین دنوں میں 30 شہادتوں کو فراموش نہیں کریں گے، شہادتیں ہی انقلاب کا مقدر ہونگی۔ عوام سیسہ پلائی دیوار ہیں، دفاع پاکستان کیلئے ہم ایک ہیں، ملکی سالمیت کو خود حکمرانوں سے خطرہ ہے، شہدا کے خون کا بدلہ لیں گے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ ایک ہزار کارکنوں کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا، شیلنگ سے آج بھی میرا گلا اور سینہ خراب ہے۔
طاہر القادری