بھارتی فائرنگ: قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہو گا
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) سرحدی کشیدگی اور مسلسل بھارتی جارحیت کے خلاف کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس آج ہو گا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوں گے، اجلاس میں کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل بھارتی جارحیت پر غور ہوگا جبکہ اس دوران آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت اور اس میں پاک فوج کی کامیابیوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی بلااشتعال فائرنگ کا جواب دینے کے بارے میں بھی شرکاء کو اعتماد میں لیا جائیگا۔ مشیر قومی سلامتی سرتاج عزیز عالمی سطح پر پاکستان کا موقف پیش کئے جانے کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں حکومت کی آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے میران شاہ میں ملاقات کے دوران بھی بھارت کی طرف سے مسلسل جارحیت بارے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کو عسکری قیادت کی طرف سے سلامتی کونسل کے اجلاس میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی جارحیت بارے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، قومی سلامتی کمیٹی کے ممبران شریک ہونگے۔ اجلاس میں د یگر کے علاوہ حال ہی میں تعینات کئے گئے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ اور آئی ایس آئی کے موجودہ ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام کے علاوہ نامزد ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی خصوصی دعوت پر شرکت کریں گے۔