فوج جنرل راحیل کی قیادت میں جنگ جیت رہی ہے‘ پاکستان پرامن ملک بن جائیگا : نوازشریف‘ آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی : عسکری قیادت کی بریفنگ
میرانشاہ + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج جنرل راحیل کی قیادت میں شمالی وزیرستان میں مشکل ترین جنگ جیت رہی ہے یقین ہے پاکستان ہمیشہ کیلئے پرامن ملک بن جائیگا۔ پاک فوج ایسی جنگ لڑ رہی ہے جس میں دشمن چھپا ہوا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ ملک کی بقا کی جنگ ہے، حکومت آپریشن میں پاک فوج کی مکمل طور پر حمایت کرتی رہے گی۔ مسلح افواج کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرینگے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ ملک کی بقاء کی جنگ ہے ملک کی خاطر جان قربان کرنے والے افسر اور جوان ہمارے ہیرو ہیں پاک فوج کی بہادری اور قربانیوں سے پوری قوم مطمئن اور خوش ہے ہم سب مل کر پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے کام کرینگے۔ وزیراعظم نواز شریف ایک روزہ دورے پر گذشتہ روز شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ پہنچے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب پر بریفنگ دی گئی۔ عسکری قیادت نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور میرانشاہ، میر علی، بویا اور دتہ خیل سمیت 90فیصد علاقے کلیئر ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے آپریشن میں مصروف افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے افسروں اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کا شمالی وزیرستان کا پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم نے اگلے مورچوں پر موجود جوانوں سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ میر علی ’’بویا‘‘ دیگان اور دتہ خیل کے علاقے کلیئر کر لئے گئے۔ سپیشل سروسز گروپ نے آپریشن میں نئی تاریخ رقم کی۔ پاک فوج نے آپریشن کے آغاز پر ہی میران شاہ کے علاقے کلیئر کرا لئے گئے تھے۔ آپریشن میں توپخانے اور پاک فضائیہ بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ شمالی وزیرستان کا 90 فیصد علاقہ کلیئر کر لیا گیا ہے۔ وفاقی وزرائ، وزیر داخلہ چودھری نثار، عبدالقادر بلوچ اور گورنر خیبر پی کے بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم کو دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا اسلحہ اور گولہ بارود بھی دکھایا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کا زیر زمین ہیڈ کوارٹر 70 کمروں پر مشتمل تھا۔ واضح رہے کہ فوج نے ضرب عضب میں دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے میران شاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میران شاہ آ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ پاک فوج انتہائی مشکل جنگ لڑ رہی ہے۔ فوج ایسی جنگ لڑ رہی ہے جس میں دشمن چھپا ہوا ہے اور چھپ کر حملہ کر رہا ہے۔ پاکستان ہمیشہ کے لئے پرامن ملک بن جائے گا۔ یہ جنگ ہم جیت رہے ہیں۔ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے جنگ لڑی جا رہی ہے۔ ملک کی خاطر جان قربان کرنے والے شہید جوان اور افسران ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے پاکستان کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے اپنا آج قربان کیا۔ شہدا پاکستان کا مستقبل بہتر بنانے کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس جنگ میں جتنے افسران شہید ہوئے اللہ انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ پوری قوم کی طرف سے ضرب عضب میں حصہ لینے والے جوانوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعظم کے خطاب کے آخر میں پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ وزیراعظم نے ہاتھ اٹھا کر نعروں کا جواب دیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے بنوں میں بکا خیل آئی ڈی پی کیمپ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ بکا خیل آئی ڈی پیز کیمپ میں 2 ہزار 507 خاندان ہیں وزیراعظم کو آئی ڈی پیز کو فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے آئی ڈی پیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے آپ عزت اور خوشیوں کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔ ہم آپ کی آباد کاری کا جامع منصوبہ بنائیں گے۔ اللہ آپ کی قربانی قبول کرے۔ نقل مکانی کرنے والوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قربانی دی ہے۔ متاثرین کی گھروں کو واپسی تک حکومت ان کی دیکھ بھال کرے گی۔ انہوں نے کہا متاثرین وزیرستان کی مدد میں پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ حکومت پاک فوج کے ساتھ مل کر جاری آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں شمالی وزیرستان میں متاثر ہونے والے علاقوں کی تعمیر کا مرحلہ جلد شروع کرے گی۔ گذشتہ روز آئی ڈی پیز کے کیمپ کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں نے پاکستان کے لئے اپنا گھر بار چھوڑا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قربانی دی۔ حکومت آئی ڈی پیز کی باعزت گھروں کو واپسی تک ان کی دیکھ بھال کرتی رہے گی اور متاثرہ علاقوں کے نوجوانوں کو ہنر سکھا کر اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے۔ متاثرین عزت اور خوشی کے ساتھ گھروں کو واپس جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں گھروں اور سڑکوں، سکولوں کی تعمیر نو کے ساتھ ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔ دہشت گردی سے متاثرہ وزیرستان کو ملک کا خوبصورت ترین علاقہ بنائیں گے۔ نقل مکانی کرنے والوں کی مدد میں پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔ وزیراعظم نے آئی ڈی پیز کو عید کی مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف نے پولیو کے خاتمے کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کر لیا۔ اجلاس میں پولیو کے خاتمے سے متعلق تمام فریق شریک ہوں گے۔ اجلاس میں ملک بھر میں پولیو کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے تمام وفاقی اداروں میں ’’سٹیزن فیڈ بیک مانیٹرنگ پروگرام‘‘ شروع کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جا سکے۔ کرپشن کا سدباب ہو اور شہریوں کے اعتماد میں اضافہ ہو۔ سٹیزن فیڈ بیک مانیٹرنگ پروگرام پہلے پنجاب میں شروع کیا گیا تھا۔ کیبنٹ ڈویژن کو ہدایت کی گئی کہ پروگرام پر عمل شروع کیا جائے۔ وزیراعظم کے دفتر کو باخبر رکھا جائے۔ کابینہ ڈویژن ایڈیشنل سیکرٹری کی سطح کے افسر کو پروگرام کے لئے فوکل پرسن مقرر کرے گا۔ اس کے تحت ایک یونٹ قائم ہو گا جو فیڈ بیک کا تجزیہ کرے گا اور اداروں میں کسی شکایت کے ازالہ کے لئے اقدامات پر نظر رکھے گا۔ ورکنگ گروپ دو ہفتوں میں اقدامات سے قواعد میں ضروری تبدیلی کے بارے میں تجاویز دے گا۔ سیکرٹری قانون پی ٹی اے سروسز میں ضروری تبدیلی کا جائزہ لیں گے۔
نواز شریف