• news

پاکستان آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ آج ہو گا‘ غلطیوں سے سبق سیکھا‘ سیریز میں واپس آئیں گے: مصباح الحق

لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ میچوں کا دوسرا اور اہم میچ آج (جمعہ) دبئی میں کھیلا  جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہو گا۔ پاکستان کو سیریز میں واپس آنے کے لیے یہ میچ لازماً جیتنا ہوگا، جبکہ آسٹریلیا یہ میچ جیت کر سیریز بھی جیتنے کی کوشش کرے گا۔ دبئی میں پاکستان ٹیم کا اب تک کا ریکارڈ اچھا رہا ہے تاہم آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس ایک سوالیہ نشان ہے۔امید ہے کہ آج اسد شفیق کی جگہ صہیب مقصود کو کھلایا جا سکتا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز بچانے کا کل آخری موقع ہے اور امید ہے کہ میچ جیت کر سیریز میں واپس آ جائیں گے۔ دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ایک روزہ میچ انتہائی اہم ہونے کے ساتھ سیریز بچانے کا آخری موقع ہے لیکن امید ہے  کہ کینگروز کے خلاف دوسرا ایک روزہ میچ جیت کر سیریز میں واپس آ جائیں گے تاہم اس کے لئے تمام لڑکوں کو ماضی کی غلطیاں دہرانے سے گریز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آل راؤنڈر محمد حفیظ آخری لمحات میں زخمی ہو کر سیریز سے باہر ہو گئے جبکہ دیگر فٹنس مسائل کے باعث ٹیم کا کمبی نیشن بنانے میں مشکل پیش آئی۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے 3ایک روزہ میچز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن