7 خودکشیاں، شیخوپورہ میں 4 بچوں کے باپ، کامونکے میں نوجوان نے زندگی ختم کر لی
شیخوپورہ+ کامونکے+ جوئیانوالہ+ فیصل آباد (نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) مختلف وجوہات پر خاتون سمیت 7 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق خانقاہ ڈوگراں کے محلہ محمد پورہ میں غربت، بیروزگاری اور عید کے موقع پر اپنے بچوں کیلئے نئے کپڑے جوتے اور قربانی کا گوشت نہ ملنے پر چار بچوں کے باپ منیر احمد نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ تھانہ خانقاں ڈوگراں پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہے۔ جوئیانوالہ کے 22 سالہ نوجوان معشوق علی کا بیروزگاری کی وجہ سے اکثر گھر میں جھگڑا رہتا زہریلی گولیاں کھا لیں۔ فیصل آباد میں سانگلہ ہل کی 28 سالہ شازیہ بی بی نے شوہر سے جھگڑنے کے بعد گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں۔ سرگودھا میں اوتیاں کا لیاقت جس کی شادی اس کے والدین اس کی مرضی کے خلاف کہیں اور کر رہے تھے نے خود کو گولی مار لی۔ ڈسکہ، ہارون آباد میں گھریلو حالات اور جھگڑے پر 2 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ موضع بھلر کے عرفان مسیح نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیں۔ ہارون آباد کے مہاجر کالونی کے 20 سالہ ذیشان کا گھر والوں سے کسی بات پر جھگڑا ہو گیا تو اس نے پسٹل سے اپنی کن پٹی پر گولی مار لی۔
زندگی ختم