• news

30 روز میں آئی ڈی پیز کے مسائل حل نہ ہوئے تو ایسا دھرنا دینگے‘ حکمران دیگر کو بھول جائیں گے : سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے مطالبات 30 روز کے اندر اندر تسلیم نہ کئے گئے تو پھر اسلام آباد میں لاکھوں قبائل کو لے کر ایسا دھرنا دیں گے حکمران دیگر دھرنوں کو بھول جائیں گے۔  بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جاتا تو بھارت مسلسل بلااشتعال فائرنگ اور ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزی نہ کرتا، چار روز سے بھارتی جارحیت جاری ہے پاکستانی حکومت کی طرف سے جرأت مندانہ جواب نہیں دیا گیا۔ اسلام آباد کے غلط فیصلوں نے مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنا دیا تھا۔ آج بھی حکومت غلط فیصلے کرکے پاکستان کو تباہی کے راستے پر لے جارہی ہے۔ بھارتی جارحیت کے خلاف وزیر دفاع کی طرف سے چار روز بعد بیان آنا منصب کی توہین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین کے نمائندہ جرگہ سے خطاب میں کیا۔ سراج الحق نے کہا لوگ دھاندلی کے خلاف دھرنے دے سکتے ہیں تو ہم پشتون قبائل کی عزت و ناموس کے لئے اپنی جان بھی قربان کرسکتے ہیں۔ آئی ڈی پیز اپنی باعزت واپسی چاہتے ہیں۔ جن 80 فیصد علاقوں کو کلیئر کرنے کا بار بار دعویٰ کیا جارہا ہے وہاں کے لوگوں کو ان کے گھروں میں جانے کی اجازت دی جائے۔ شرم کی بات ہے کہ آج قبائلی علاقوں کے بزرگ حکومت پاکستان سے مطالبہ کررہے ہیں اگر انہیں ان کے علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں تو پھر ان کے لئے ایک قبرستان کا بندوبست کردیا جائے جس ملک کے لئے ان بزرگوں نے اپنے بچوں کی قربانیاں دی ہیں، آج وہ حکومت سے اپنے لئے قبرستان مانگ رہے ہیں۔ مسائل حل نہ ہوئے تو میں قبائلیوں کی قیادت کرتے ہوئے خود اسلام آباد جائوں گا۔ سراج الحق نے سابق وزیراعظم گیلانی کے بیٹے عبدالقادر گیلانی کے گارڈ کی طرف سے فائرنگ کرکے معصوم نوجوان کو قتل کرنے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو انتہائی ظالمانہ اور شرمناک قرار دیا ہے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن