• news

بھارت کیخلاف حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے‘ فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کیلئے تیار ہیں : شہری

شکرگڑھ + سیالکوٹ (نامہ نگاران) بھارتی جارحیت سے متاثرہ سرحدی دیہات کے مکینوں نے بھارت کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ ڈھنڈر گائوں کے رہائشی رفیق چوہان نے کہا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے جو گاہے بگاہے پاکستان پر وار کرتا ہے، ہماری افواج دشمن کے چھکے چھڑا دے گی۔ سرحدی گائوں بھورے چک کے چودھری صدیق ایڈووکیٹ نے کہا بھارتی سکیورٹی فورسز آئے روز سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرتی رہتی ہیں متعدد سرحدی دیہات متاثر ہوتے ہیں۔ سرگالہ کے چودھری سردار نے کہا بھارتی فائرنگ سے مکانات اور پالتو مویشیوں کو کافی نقصان پہنچا۔ نہالہ چک کے  چودھری یونس نے کہا ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے بھارت چاہے جو مرضی کر لے ہم اپنی بہادر شیر دل افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے سکمال گائوں کے رشید چودھری نے کہا کہ بھارت ایک درندہ ہے چک بیکا کے شہباز احمد نے کہا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لیں۔ سیالکوٹ میں احتجاج میں شامل ایک نوجوان نے اعلان کیا کہ پاکستان فلیگ میٹنگ کرے اور اگر بھارت باز نہ آئے تو اعلان جنگ کیا جائے کیونکہ ہر پاکستانی ملک کیلئے خون کا ایک ایک قطرہ دینے کو تیارہے۔ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کیلئے تیار ہیں۔ دریں اثناء نوائے وقت سروے میں محمد عامر بشیر آسوی نے کہا وزیراعظم کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ حافظ محمد قاسم خان نے کہا پاکستان کی ناکام خارجہ پالیسی کی بدولت ہی ایسا ہو رہا ہے لالہ منیر احمد نے کہا کہ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کی جانب سے سول آبادی پر گولہ باری و فائرنگ قابل مذمت ہے۔ چودھری لیاقت رتو چک نے کہا اقوام متحدہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔ چودھری اختر علی نے کہا نہتے شہریوں پر فائرنگ افسوسناک ہے۔ چودھری رسول بخش نے اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ سابق ناظم چودھری محمد عرفان بھجنہ نے کہا اقوام متحدہ جارحیت پر بھارت کے خلاف کارروائی کرے۔ انجینئر چودھری عبود اکبر چمریال نے کہا آئے روز بھارت سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اقبال خان نے کہا بھارت پاکستان پر بلااشتعال بلاجواز فائرنگ کر رہا ہے۔ حاجی عباس خان نے کہا ہماری حکومت مذاکرات کی میز پر تمام مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔ چودھری عمر رضا ایڈووکیٹ نے کہا بھارت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ چودھری ذوالفقار احمد نے کہا معصوم نہتے شہریوں پر فائرنگ قابل افسوس اقدام ہے۔ رانا میر خان نے کہا کہ بھارت کا بھیانک چہرہ سامنے آ گیا۔ گل صبور خان نے کہا کہ افواج پاکستان بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ڈاکٹر حافظ شبیر احمد، نسیم سردار رضا نے بھارتی جارحیت کی پرزور مذمت کی۔ چودھری ناصر جمیل گورسی، اعتزاز رشید چودھری، زاہد الیاس چودھری نے کہا افواج پاکستان دشمن کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ چودھری عبدالرشید آف سید پور نے کہا کہ پاکستانی قوم گھبرانے والی نہیں۔  چودھری صدیق بھورے چک‘ چودھری سعید سابق اے ای او نے کہا بھارت کا اصل چہرہ سامنے آ چکا ہے۔ عظمت بٹ نے کہا کہ پاکستان پر فائرنگ کرنا  بھارت کو مہنگا پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن